غریب کی مدد پر اُن کی توہین نہ کی جائے‘ محمد فائق شاہ
پشاور(سٹی رپورٹر) چیئرمین امن ترقی پارٹی محمد فائق شاہ نے کہا کہ غریب اور سفید پوش افراد کی سرِ عام توہین ہو رہی ہے اور مدد کے نام پر غیر انسانی رویہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، راشن تقسیم کے دوران سندھ میں بے شمار شکایتیں، اقرباپروری اور سیاسی مفادات دیکھنے میں آئے جبکہ وفاقی حکومت کے پروگرام میں سپریم کورٹ کی شفافیت پر عدم اعتماد ایک مکمل چارج شیٹ ہے، حکومتوں کو ذاتیات کوبالائے طاق رکھتے ہوئے کورونا لاک ڈاؤن میں غریبوں کا خیال کرنا ہوگا،زائد المعیاد اشیاء کی تقسیم غیر انسانی فعل ہے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کساد بازاری کے باوجود پاکستان میں غذائی اجناس میں قلت نہیں ہے، اس نعمت عظیم کا عوام کو فائدہ اور انصاف دیا جائے، غریب اور سفیدپوش افراد ہاتھ پھیلانے سے قاصر ہیں اُن کی ترجیحی بنیادوں پر مدد کی جائے، چیئرمین امن ترقی پارٹی نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کا انتظامی میکنزم غیر شفاف ہاتھوں میں جکڑا ہوا ہے، جسے اہل اور دیانتدار افراد کے ہاتھوں میں دیا جائے، عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے