کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا

  

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس (آج) بدھ کو ہو گا،اجلاس کا 9 نکاتی ایجنڈا مختلف وفاقی وزارتوں کو جاری کر دیا گیا۔ ایجنڈا کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے مزدوروں کو 200 ارب روپے کی کیش گرانٹ تقسیم کرنے کیلئے وزارت صنعت و پیداوار کی سمری پر غور کیا جائے گا، ذرائع وزارت صنعت و پیدار کے مطابق مشیر تجارت عبدالرازق داؤد چھ ہفتوں تک دیہاڑی دار افراد کو نقد رقوم کی ترسیل کا نظام وضع کرنے میں ناکام رہے،نئے وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے انتہائی محنت کے ساتھ چند دنوں امدادی پروگرام ترتیب دے دیا۔ ذرائع کے مطابق احساس پروگرام کے بعد دیہاڑی دار افراد کو نقد امداد کی فراہمی غریبوں کیلئے حکومت کا دوسرا بڑا امدادی پروگرام ہو گا،وفاقی کابینہ کو پروگرام کے اجراء میں سرخ فیتے کی رکاوٹوں کو بروقت دور نہ کرنے پر شدید تحفظات تھے۔ ایجنڈا کے مطابق کمیٹی وزارت خزانہ کی طرف سے مسابقتی کمیشن کو مکمل طور پر خود مختار اور فعال بنانے کیلئے سفارشات کی منظوری دے گی،بلوچستان حکومت کو 19 منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے 60 کروڑ روپے کی گرانٹ دینے کی منظوری دی جائے گی،جنوبی افریقہ میں پاکستان اسٹیل مل کے عدم ادا واجبات کے باعث پی این ایس سی کے جہازوں کی ضبطگی کے معاملہ پر غور کیا جائے گا،فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے 70 لاکھ گرانٹ کی منظوری دی جائے گی،اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کیلئے 1 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دی جائے گی،ای او بی آئی کے نظرثانی شدہ بجٹ کی منظوری دی جائے گی،پاکستان کے ماحولیات نظام کی بحالی کیلئے شروع کیے جانے والے منصوبے کیلئے نرم شرائط پر قرض فراہم کرنے پر غور کیا جائے گا۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی

مزید :

صفحہ اول -