پٹرول 50روپے لیٹر، بجلی سستی، قومی اسمبلی، سینیٹ اجلاس بلائے: مسلم لیگ (ن)

پٹرول 50روپے لیٹر، بجلی سستی، قومی اسمبلی، سینیٹ اجلاس بلائے: مسلم لیگ (ن)

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس باقاعدہ بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہم ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک نہیں ہونگے،اگر آج قومی اسمبلی کا اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے بلایا جاتا ہے تو کل بجٹ بھی ویڈیو لنک کے ذریعے بلا کر پاس کروا لیا جائیگا،یہ ایک سازش ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے، حکومت پٹرول پچاس روپے فی لیٹر کرے،بجلی کی قیمتوں کو ادھا نہیں تو ایک تہائی کم کیا جاسکتا ہے، چینی پر نیب نے نوٹس لیا ہے،ہمیں نیب اور حکومت پر اعتماد نہیں،شاہد خاقان عباسی اور خرم دستگیر چینی پر قائم کمیشن کے سامنے پیش ہونگے۔ منگل کو ان خیالات کا اظہار سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، جنرل سیکرٹری (ن)لیگ احسن اقبال، پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کا اجلاس باقاعدہ بلانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ قومی اسمبلی اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے بلانے کی بات ہورہی ہے،ہم ویڈیو لنک اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔مسلم لیگ ن ایسے کسی کام کا حصہ نہیں بنے گی جس میں اراکین شریک نہ ہوں۔عوام کا حق ہے کہ انہیں معلوم ہو کہ انکے نمائندے کس طرح کام کررہے ہیں۔ فیصلے عوامی مفادات کیلئے ہیں یا سیاسی مفادات کے لئے۔کل بجٹ بھی اسی طرح ویڈیو لنک کے ذریعے بلا کر پاس کروا لیا جائیگا،یہ ایک سازش ہے جسے کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ورچوئل اجلاس ایک سازش ہے ہم اس سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔ اس کرائسز کی آڑ میں ہم حکومت کو عوام کے حق پر ڈاکا ڈالنے نہیں دیں گے،ہمارا مطالبہ ہے کی احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھ کر اجلاس بلایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کودیا جائے۔ پٹرول 50 روپے لیٹر،بجلی کی قیمتوں کو ادھا نہیں تو ایک تہائی کم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ چینی پر تحقیقات کا نیب نے نوٹس لیا ہے،ہمیں نیب پر نا حکومت پر اعتماد ہے،نیب انکوائری کا مقصد صرف اس کرپشن کے سہولت کار کو بچانا ہے،عمران خان اور پنجاب کے وزیر اعلی سہولت کار ہیں،جو چینی ایکسپورٹ ہوئی اسکا بڑا حصہ افغانستان بھیجا گیا،ہماری اطلاع ہے کہ وہ چینی افغانستان بھی نہیں گئی بلکہ عالمی مارکیٹ میں بیچی گئی۔ شاہد خاقان عباسی اور خرم دستگیر نے چینی پر قائم کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ انہوں نے کہاکہ کمیشن کو خط لکھ رہے ہیں،چند مل مالکان پر ملبہ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔احسن اقبال نے کہاکہ نیب حمزہ شہباز اور احد چیمہ کے خلاف مقدمات ثابت کرنے میں ناکام رہا ہے،صرف جھوٹی انا کی تسکین کے لئے حمزہ اور احد چیمہ کو قید رکھا گیا ہے۔یہ بدترین ائین و قانون کی خلاف ورزی ہے،امید ہے عدلیہ اس ناانصافی کا نوٹس لے گی۔خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ نیب آرڈیننس کی مدت پوری ہوچکی ہے،حکومت اس آرڈیننس کا توسیع چاہتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ نیب کا قانون کالا قانون ہے ہم اسکے خلاف ہیں،ہم عدالتوں سے سرخرو ہوکر قوم کے سامنے کھڑے ہیں،سپریم کورٹ کی گائیڈلائن اور اسلامی نظریاتی کی گائیڈلائن کی پیروی کی جائے۔ ریاستی نظام چلانے کے لئے نیب قانون پر اتفاق رائے سے چلنا ہوگا۔
مسلم لیگ ن

مزید :

صفحہ اول -