700بھارتی فوجیوں کی نئی کھیپ مقبوضہ کشمیر پہنچ گئی، ایک ماہ میں 38افراد ہلاک

700بھارتی فوجیوں کی نئی کھیپ مقبوضہ کشمیر پہنچ گئی، ایک ماہ میں 38افراد ہلاک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

جموں (آن لائن)کورونا وائرس کی وبا کے باجود بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مزید فوجی تعینات کردئیے ہیں۔بنگلور سے خصوصی ٹرین میں 700سے زائدفوجی مقبوضہ جموں پہنچ گئے۔بھا رتی وزارت دفاع نے اپنے بیا ن میں کہا کہ جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ سلامتی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر شمالی ہند میں آپریشنل علاقوں میں تعینات یونٹوں کی آپریشنل تیاری بڑھانے کے لئے درکار سیکیورٹی اہلکاروں کی طاقت کو بڑھانا ضرورت ہے۔افسر نے بتایا کہ بنگلور، بیلگام اور سکندرآباد سمیت جنوبی ہندوستان کے مختلف حصوں سے فوجیوں کو منتقل کیاگیا ہے جو فوج کے تربیتی اداروں میں کورسز مکمل کرنے کے بعد جموں میں اپنی ڈیوٹی شروع کررہے ہیں۔ جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کو پھیلاؤ کے دوران مسلح تشدد کی وارداتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور گزشتہ ایک ماہ میں کم از کم 38افراد مارے گئے ہیں جن میں 14سیکورٹی اہلکار، 17حریت پسند اور 7عام شہری شامل ہیں۔ مسلح تشدد کی بیشتر وارداتیں زیادہ آبادی والے علاقوں میں رونما ہوئیں۔دوسری جانب وادی کشمیر میں اب تک تین پولیس اہلکار کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں جس کے سبب پولیس حکام نے اہلکاروں کو چوکس رہنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔جموں و کشمیر پولیس ایک لاکھ سے زائد اہلکاروں پر مشتمل ہے جن میں بیشتر اہلکار لاک ڈاون کے نفاذ پر مامور ہیں۔ متعدد اہلکار قرنطینہ مراکز میں اور ریڈ زونز میں بھی تعینات ہیں۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں مثبت کیسز کی تعداد 354تک پہنچ گئی ہے۔وادی کشمیر میں کورونا وائرس کے 4نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں، جن میں سے 3کا تعلق ضلع بانڈی پورہ سے ہے اور ایک کا تعلق بارہمولہ سے ہے جموں و کشمیر انتظامیہ کے ترجمان نے نئے کورونا کیسز کی تصدیق کی ہے۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کیسز کی کل تعداد 354پہنچ گئی ہے، جن میں صوبے کشمیر میں 299اور جموں میں 55ہیں۔
مقبوضہ کشمیر

مزید :

صفحہ آخر -