حکومت چھوٹے کسانوں کیلئے امدادی پیکیج کااعلان، ایک سال کا آبیانہ معاف کرے: سراج الحق

حکومت چھوٹے کسانوں کیلئے امدادی پیکیج کااعلان، ایک سال کا آبیانہ معاف کرے: ...

  

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ آٹا اورگندم مافیا نے ملک کو یرغمال بنارکھا ہے۔حکومت وعدے اور بلند و بانگ دعوے کرتی ہے اور اگلے دن بھول جاتی ہے۔اقتدار کے ایوانوں پر آج بھی زیادہ تر وہی لوگ قابض ہیں جو سابقہ حکومتوں میں شامل تھے۔ کسانوں سے گندم کا دانہ دانہ خریدنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔بارشوں اور شدید آندھی نے گندم کی تیار فصل کو سخت نقصان پہنچایا ہے،حکومت چھوٹے کسانوں کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان کرے اورکم ازکم ایک سال کا آبیانہ معاف کیا جائے۔دھان کی فصل کیلئے کسانوں کو مفت بیج کھاد اور ادویات دی جائیں،زرعی مشینری کیلئے آسان اقساط پر بلا سودی قرضے دیئے جائیں تاکہ تباہ حال کسان اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں۔شوگر ملز مالکان کسانوں سے کئے گئے وعدے پورے کریں اور ان کے بقایا جات فوری ادا کئے جائیں۔ملک کا کسان اور مزدور خوشحال ہوگا تو ملک ترقی کرے گا۔جماعت اسلامی کسانوں اور مزدوروں کی جماعت ہے۔ہم موجودہ مشکل اور پریشان کن حالات میں کسانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی رمضان المبارک میں ہر غریب اور مستحق کے گھر راشن پہنچانے کی کوشش کرے گی۔اللہ کی نعمتوں سے مالا مال مخیر حضرات کو اپنے اردگرد ناداروں،مساکین،یتیموں اور بیواؤں کی مدد کرنی چاہئے۔ماہ رمضان میں سنت مواخات کو زندہ کیا جائے گا۔کارکنا ن ماہ مبارک میں ملک بھر کی مساجد کی صفائی کو یقینی بنائیں اور تمام احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے مساجد کو آباد کریں۔آئندہ جمعہ کو یوم صفائی اور رات کو شب توبہ و استغفار کے طور پر منایا جائے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گاؤں پڈھانہ انہ برکی روڈ لاہور میں جماعت اسلامی کسان کے زیر اہتمام گندم کے کٹائی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگواورقبل ازیں منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر لاہورکے امیر ڈاکٹر ذکراللہ مجاہد اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف،صدر jiکسان چوہدری نثار احمد ایڈووکیٹ اور صدرلاہور چوہدری رشید بھی موجود تھے۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ موجودہ حالات نے کسان کو سب سے زیادہ پریشان کردیا ہے۔

سراج الحق

مزید :

صفحہ آخر -