شیخوپورہ، لاک ڈاؤ کی خلاف ورزی پر درجنوں دکاندار گرفتار، شرقپور میں شاپنگ عروج پر

  شیخوپورہ، لاک ڈاؤ کی خلاف ورزی پر درجنوں دکاندار گرفتار، شرقپور میں شاپنگ ...

  

شیخوپورہ(بیورورپورٹ)روزنامہ”پاکستان“ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کی خبر کے شائع ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے درجنوں دکانداروں کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا اور ان کیخلاف دفعہ144کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دوروز قبل شیخوپورہ کے مین بازار،خادم حسین روڈ،جناح پارک سمیت شہر بھر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دکانداروں نے دکانیں کھول لی تھیں جنہیں بند کروا دیا گیا ہے۔لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کروانے کے باعث شہر میں اب ہو کا عالم دکھائی دیتا ہے جبکہ دو روز قبل خواتین کی بڑی تعداد دکانیں کھلنے کی اطلاعات ملنے پر سڑکوں پر آ گئی تھیں اور بعض علاقوں میں تو چاند رات کا سماں دکھائی دے رہا تھا۔ دریں اثنالاک ڈاؤن کے باوجود شرقپور شریف میں کاروباری مراکزخفیہ طور پر اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہیں،دکانیں بند ہیں جبکہ سڑکوں پر رش دکھائی دے رہا ہے جس کا مطلب ہے کہ خفیہ طور پر اشیاء بیچنے کا سلسلہ جاری ہے۔ خواتین کی جانب سے لاک ڈاؤن کی کھلی خلاف ورزی کی جارہی ہے اور وہ بغیر حفاظتی انتظامات کے سڑکوں پر دکھائی دے رہی ہیں۔ شرقپور شریف اور صفدر آباد سمیت دیگر مضافات میں پان سیگریٹ،کپڑے،جوتوں،کاسمیٹکس کی دکانوں کے مالکان اپنی دکانوں کے باہر بینج اور کرسیاں رکھ کر بیٹھ گئے ہیں،گاہک آنے پر بند دکان کے اندر ملازم مطلوبہ مال باہر پکڑا دیتا ہے۔کیا ان دکانداروں کو پولیس کی آشیر آباد حاصل ہے یا پھر ایسے واقعات انتظامی نظروں سے پوشیدہ ہیں،پولیس اور انتظامیہ کیلئے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی ایک بہت بڑا سوال ہے۔

لاک ڈاؤن،شیخوپورہ

مزید :

صفحہ آخر -