مہنگائی پیدا کرنیوالوں کیخلاف بھرپورکارروائی کرینگے، وزیر صنعت پنجاب

  مہنگائی پیدا کرنیوالوں کیخلاف بھرپورکارروائی کرینگے، وزیر صنعت پنجاب

  

لاہور (لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں رمضان المبارک کے دوران اشیاء ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی مانیٹر نگ کے میکانزم کاجائیزہ لیاگیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران صوبے بھر میں قیمتوں میں استحکام رکھنے کے لئے لائحہ عمل بنا لیا، ماہ مقدس میں عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گرانفروشوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشی کیذریعے عوام کاخون چوسنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ایسے عناصر انسانیت کے دشمن ہیں، انکی جگہ جیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں، انتظامیہ متحرک ہو کر کام کرے۔ مارکیٹوں میں اشیاء کی طلب کے مطابق دستیابی، قیمتوں اور معیار پر کڑی نظر رکھی جائے۔ قیمتوں میں استحکام رکھنے کے لئے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کواپنا موثر کردار اداکرناہے۔ ماہ مقدس میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے متعلقہ ادارے محنت اور جاں فشانی سے کام کریں۔ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پولیس افسران اور متعلقہ حکام نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید :

کامرس -