تونسہ میں آرٹس و انجینئر نگ انسٹی ٹیوٹ سمیت نئے منصوبے شروع کرنیکا فیصلہ
ڈیرہ غازی خان (ڈسٹرکٹ بیورو رپورٹ،سٹی رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر تونسہ شریف میں ہائرایجوکیشن کے آرٹس و انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ سمیت نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے اور آئندہ بجٹ میں نئے منصوبوں کیلئے فنڈز مختص کرنے کے ساتھ تعمیراتی کام شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے جس کے تحت کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن ساجد ظفر ڈال نے تحصیل تونسہ شریف (بقیہ نمبر35صفحہ7پر)
کا تفصیلی دورہ کیا. انہو ں نے مختلف معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے موقع پر احکامات جاری کیے. اسسٹنٹ کمشنر محمد یوسف چھینہ اور دیگر افسران ہمراہ تھے. کمشنر ساجد ظفر ڈال نے تحصیل صدر ہسپتال تونسہ میں کورونا وائرس کے آئیسولیشن وارڈ، ہسپتال کی اپ گریڈیشن اوردیگر معاملات کا جائزہ لیا. انہوں نے صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جینیٹوریل سٹاف کی موقع پر حاضری مانیٹر کرنے کے ساتھ کارکردگی بہتر نہ ہونے پر کارروائی کے احکامات بھی جاری کیے. وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر تحصیل صدر ہسپتال تونسہ کی سو بستر سے 190بستر تک اپ گریڈیشن کی جارہی ہے جسے جون تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی. کمشنرنے تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے مقررہ معیاد کے اندر منصوبہ مکمل کرنے کی ہدایت کی ایم ایس ڈاکٹر طاہر حسین نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں کورونا وائرس کے حوالے سے دس بستر کا آئیسولیشن وارڈ قائم کر د یاگیا ہے جہا ں ایس او پیز کے مطابق تمام سہولیات میسر ہوں گے ہسپتال میں سکریننگ ٹیسٹ کی سہولت دے کر فوکل پرسن مقرر کر د یاگیا ہے. کمشنر نے تمام ضروری ادویات کی موجودگی کے احکامات جاری کیے. کمشنر نے کوٹ قیصرانی میں دانش سکول کے تعمیراتی کام کے معائنہ کے ساتھ موضع چھبڑی میں آرٹس و انجینئرنگ انسٹی ٹیوٹ کے کمپلیکس کی مجوزہ جگہ کا بھی معائنہ کیا جس کیلئے چار سو سے پانچ سو کنال رقبہ درکار ہو گا. انہوں نے کہا کہ مناسب جگہ کی نشاندہی کے ساتھ نئے منصوبو ں کیلئے وزیر اعلی پنجاب اور صوبائی حکومت کو سفارشات ارسال کی جائیں گی او رامید ہے کہ نئے بجٹ میں مطلوبہ فنڈز مختص ہونے کے ساتھ تعمیراتی کام کا آغاز کر دیاجائے گا. انہوں نے گندم خریداری مرکز تونسہ کے معائنہ کے دوران کانٹے کا وزن چیک کیا. کاشتکاروں سے ملاقات کی اور حکومت کے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں. کمشنر نے صدر بازار میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا بھی جائزہ لیا. انہوں نے دکانداروں سے ملاقات کر تے ہوئے کہا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا. کمشنر نے کمال پارک اور موضع مکول میں سرکاری رقبے کا ریونیو ریکارڈ کے مطابق جائزہ لیا. کمشنر نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے واٹر فلٹریشن پلانٹ، تونسہ میں جنرل پارک کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا. دریں اثنا انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر آفس میں ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی وزیر انڈسٹریز کی میٹنگ میں شرکت کی۔
ہدایت،دورہ