حکومت وباء کی روک تھام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے،حسنین بہادر
رحیم یار خان (بیورورپورٹ)صوبائی وزیر لائیو سٹاک حسنین بہادر دریشک نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔عوام کو اس وبائی مرض سے محفوظ رکھنے کے لئے سرویلنس ٹیمیں ذمہ دارانہ کردار ادا کر رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کے ہمراہ ضلعی رابطہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کے(بقیہ نمبر12صفحہ6پر)
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبائی کابینہ مختلف اضلاع میں انسدادی و حفاظتی کاموں کی نگرانی اور فیلڈ ٹیموں کو معاونت فراہم کر رہی ہے جبکہ کورونا کے ساتھ ساتھ گندم خریداری مہم اور احساس کفالت پروگرام کے تحت مستحقین میں امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ بھی جاری ہے ان سب حالات میں ضلعی انتظامیہ اور معاون ادارے اپنا کام قومی جذبے سے کر رہے ہیں اور انشائاللہ اسی ٹیم ورک کے نتیجہ میں ہم ان تمام مشکل حالات سے سرخروہو کر نکلیں گے۔ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ کورونا وائرس کے مشتبہ و کنفرم مریضوں کو علاج معالجہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ بہتر حکمت عملی کی بدولت مشتبہ و کنفرم مریضوں سے رابطہ میں رہنے والے تمام افراد کو بروقت تلاش کرکے قرنطینہ کیا گیا ہے جس میں فوج، پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر تبلیغی جماعتوں کے ممبران کو آبائی علاقوں میں روانہ کیا جا رہا ہے جبکہ کورونا کے مثبت مریض جو اپنی مدت مکمل کر چکے ہیں ان کے ٹیسٹ لینے کا عمل جاری ہے اور جلد وہ بھی صحت یاب ہو کر گھروں کو روانہ کر دیئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں دو فیلڈ ہسپتال قائم کئے گئے ہیں۔اجلاس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال، ڈاکٹرز و طبی عملہ کے حفاظتی سامان اور سکریننگ کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔بعد ازاں صوبائی وزیر لائیو سٹاک حسین بہادر دریشک نے گندم خریداری مراکز اڈا گلمرگ اور احساس کفالت کیش سنٹرز کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیاہے۔