مسلم ہینڈز کو کرونا کے خلافاقدامات پر تعریفی سند سے نوازا گیا

مسلم ہینڈز کو کرونا کے خلافاقدامات پر تعریفی سند سے نوازا گیا

  

لاہور(نمائندہ خصوصی)گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے مسلم ہینڈز کوپاکستان بھر میں اور بالخصوص پنجاب میں کورونا بچاؤ مہم میں حکومت اور اس کے اداروں کے شانہ بشانہ بھر پور کام کرنے اور اس وبا کو شکست دینے کے لئے کی جانے والی کوششوں پرایک تعریفی سند سے نوازا گیا ہے۔ گورنر ہاؤس میں ایک تقریب میں پنجا ب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک PDNکے پلیٹ فارم سے منسلک 60سے زائد این جی اوزکے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسلم ہینڈز کو حکومتی حلیف اور شراکت دار کے طور پر اس ناگہانی وبا کے خاتمے اور عوام کو اس سے بچانے کے لئے بھرپور کردار ادا کرنے پر سراہا گیا۔ مسلم ہینڈز نے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم ایز کے ساتھ مل کر کورونا سے بچاؤ کی ہزاروں کٹس، سرجیکل ماسکس،دستانوں اور سینیٹائزرز کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں میں پندرہ ہزار خاندانوں کو ایک ماہ کا راشن بھی مہیا کیا ہے۔ پنجا ب ڈویلپمنٹ نیٹ ورک ساٹھ سے زائد این جی اوز اور کارپوریٹ اداروں پر مبنی ایک نیٹ ورک ہے۔ جس میں مسلم ہینڈز، اخوت، الخدمت فاؤنڈیشن، سرور فاؤنڈیشن،انڈس ہاسپٹل،قرشی فاؤنڈیشن، رائس ایکسپورٹ ایسوسی ایشن اوردیگر ادارے شامل ہیں۔مسلم ہینڈز کے لاہور کے ایریا مینجرخالد قریشی نے گورنر پنجاب سے یہ سرٹیفیکیٹ وصول کیا۔ اس موقع پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے اپنی نوعیت کے پہلے راشن مینجمنٹ سسٹم کا بھی افتتاح کیا۔گورنر پنجاب کی جانب سے عطا کردہ تعریفی سند بلاشبہ حکومت کے مسلم ہینڈز اور اس کے کام پر اعتماد کی ضامن ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -