پی ٹی ایم انتشار پھیلانے کے سوا کچھ نہیں کر رہی،نذیر خان
لاہور(سٹی رپورٹر) تحریک جوانان پاکستان و کشمیر لاہور کے صدر نذیر احمد خان نے کہا ہے کہ پشتونوں کے نام پر ملک دشمنوں کے ایجنڈے کو فروغ دینے والی پی ٹی ایم کی قیادت اب کہاں غائب ہے،کیا یہ نام نہاد پشتونوں کے حقوق کے ٹھیکیدار بتانا پسند کریں گے کہ مشکل کی گھڑی میں قوم کیساتھ کھڑے ہونے سے انہیں کس نے روک رکھا ہے، ایم این اے وزیرعلی وبا کے دنوں میں لوگوں کی مدد کرنے کے بجائے ریاست مخالف سرگرمیوں سے بازنہیں آرہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پشتون عمائدین کیساتھ ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کا بیانیہ دراصل دشمن کا ایجنڈا ہے اس کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا اور سوسائٹی میں انتشار پیدا کرنے کے سوا کچھ نہیں، پی ٹی ایم کو دراصل افغان اور ہندوستان اسٹیبلشمنٹ کی سپورٹ حاصل ہے جو کہ کبھی بھی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوسکتی۔