پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 9749 ہوگئی،209 افراد جاں بحق، لاہور میں رینڈم ٹیسٹ شروع، وزیراعظم کا بھی سیمپل لے لیا گیا

پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 9749 ہوگئی،209 افراد جاں بحق، لاہور میں ...
پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 9749 ہوگئی،209 افراد جاں بحق، لاہور میں رینڈم ٹیسٹ شروع، وزیراعظم کا بھی سیمپل لے لیا گیا

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 9749 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا سے 17 اموات کے بعد مجموعی 209 ہوگئی ، وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنیوالے فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کا بھی سیمپل لے لیا گیا جبکہ لاہور میں رینڈم ٹیسٹ شروع ہوگئے ہیں۔ 

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 533 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں کورونا سےمتاثرہ افراد کی تعداد 9749 ہوگئی ہے جب کہ 2156 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 5637 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 533 مریض پازیٹو نکلے جبکہ مجموعی طورپر اب تک 118,020  ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔ 

صوبوں کی صورتحال

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے سب سے زیادہ مریض پنجاب میں ہیں جہاں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4328 ہے۔ اس کے بعد سندھ میں 3053، خیبرپختونخوا میں 1345، بلوچستان میں 495، گلگت بلتستان میں 283، اسلام آباد میں 194 جبکہ آزاد کشمیر میں 51 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

کہاں کتنی اموات

مریضوں کی تعداد کے برعکس اموات سب سے زیادہ خیبرپختونخواہ میں ہوئیں، اب تک صوبے میں کورونا سے 80 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، دوسرے نمبر پر سندھ ہے جہاں پر 66 مریض جانبر نہ ہوسکے، پنجاب میں  51، بلوچستان میں 6 ، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں تین تین افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ 

فیصل ایدھی کے کورونا کا شکار ہونے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا بھی ٹیسٹ

ایدھی فائونڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد وزیراعظم کے بھی ٹیسٹ کیلئے سیمپل لے لیے گئے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ کچھ روز قبل فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔

وزیراعظم کے ہمراہ کورونا وائرس کے حوالے سے صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ ہم نے وزیراعظم کو مشورہ دیا تھا کہ وہ بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرائیں کیوں کہ انہوں نے چند روز قبل فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ کیلئے سیمپل لے لیا گیا جس کا رزلٹ 24 گھنٹوں میں آئے گا۔

لاہور میں رینڈم ٹیسٹ شروع

صوبائی دارلحکومت میں کورونا کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر رینڈم ٹیسٹ شروع ہوگئے ہیں جس کا اعلان خود وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کیا۔ 

ٹوئٹر پر عثمان بزدار نے لکھا کہ " پنجاب میں کورونا کے کل کیسز 4328 ہیں جن میں سے 1602 مریض مختلف اضلاع میں نان قرنطینہ ہیں، باقی لوگ مختلف قرنطینہ مراکز میں ہیں، افسوس کیساتھ ہم 51 قیمتیں جانیں کھوچکے ہیں جبکہ 724 مریض مکمل تندرست ہوئے ہیں، 63395 ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور لاہور میں رینڈم ٹیسٹنگ بھی شرو ع ہوچکی ہے "۔

مزید :

اہم خبریں -کورونا وائرس -