امریکا منتقل ہونے کے خواہشمندوں کیلئے بری خبر آگئی، امریکی صدر نے گرین کارڈ کااجرا روکنے کااعلان کردیا

امریکا منتقل ہونے کے خواہشمندوں کیلئے بری خبر آگئی، امریکی صدر نے گرین ...
امریکا منتقل ہونے کے خواہشمندوں کیلئے بری خبر آگئی، امریکی صدر نے گرین کارڈ کااجرا روکنے کااعلان کردیا

  

واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں مستقل رہائش کے خواہشمندوں کو گرین کارڈز کے اجرا پرعارضی پابندی کااعلان کردیا۔امریکی صدر کے اعلان کے مطابق امریکی امیگریشن پر پابندی رہے گی اور گرین کارڈز کااجرا 60روز کیلئے روکاجارہا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق  امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی امیگریشن کو عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کردیا تاہم حکم نامے میں صرف مستقل رہائش کی درخواستوں کو روکا جائے گا عارضی طور پر کام کرنے والوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ امریکی معیشت میں نوکریوں کی مسابقت کو محدود کرنے کے لیے گرین کارڈ کے اجرا کو 60 روز کے لیے روک دیں گے۔

ؔغیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی امیگریشن پر پابندی 60 روز تک برقرا رہے گی اور اس کا اطلاق ان پر ہوگا جو مستقل رہائش کے لیے ’گرین کارڈ‘ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ٹرمپ اس پابندی کو ایک حکم نامے کے ذریعے نافذ کرنا چاہتے ہیں جس پر وہ ممکنہ طور پر آج (بدھ) کو دستخط کریں گے۔

واضح رہے دنیا کی مضبوط ترین معیشت رکھنے والے ملک امریکہ میں بھی بے روزگاری اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے اور عوام لاک ڈاؤن کے باوجود حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ اس وقت امریکا میں دوکروڑ سے زیادہ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔

امریکہ میں مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ حکومت گھر پر رہنے کی پالیسی اور لاک ڈاؤن ختم کرے۔ امریکہ کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے مظاہروں میں حکومتی پالیسیوں کے خلاف نعری بازی بھی کی گئی۔

امریکی ریاست نیویارک کورونا وائرس کے سبب شدید متاثر ہوئی ہے جہاں اٹھارہ ہزار سے زائد اموات اور دو لاکھ سینتالیس ہزار سے زائد افراد بیمار ہیں۔ امریکہ میں مجموعی طور پر چالیس ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں اور سات لاکھ تریسٹھ ہزار سے زائد مریض ہیں امریکہ میں لاک ڈاون  کے باعث بڑھتی ہوئی بے  روزگاری سے شہریوں کی بے چینی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ واشنگٹن، مونٹانا، ایریزونا اور کولاراڈو میں شہریوں نے لاک ڈاؤن کے  خلاف  مظاہرے  کیے تھے۔

مزید :

کورونا وائرس -