کراچی میں چین سے آیا تاجر'لاپتہ' ہوگیا

کراچی میں چین سے آیا تاجر'لاپتہ' ہوگیا
کراچی میں چین سے آیا تاجر'لاپتہ' ہوگیا

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی میں چین سے تعلق رکھنے والا ایک تاجر لاپتہ ہوگیا ہے۔چینی تاجر ڈیفنس ہاوسنگ سوسائٹی سے لاپتہ ہوا ہے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ممکن ہے تاجر کو اغوا کرلیا گیاہو۔

ڈان نیوز کے مطابق گزری پولیس اسٹیشن میں لاپتہ چینی شہری کے ساتھی کی درخواست پر پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 365 (مذموم ارادے کے تحت اغوا) کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔پولیس کو موصول ہونے والی شکایت کے مطابق مذکورہ چینی شہری ڈی ایچ اے فیز 7 ایکشٹینشن میں اپنی رہائش گاہ سے 20 اپریل شام 7 بجے اپنے ایک چینی دوست کے ساتھ کھانا کھانے کے لیے نکلے۔

وہ اکیلے گاڑی چلا رہے تھے، بعدازاں شکایت گزار نے ان سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔

جس پر شکایت گزار نے کار ڈیلر سے رابطہ کیا اور اس کی مدد سے رات ساڑھے 12 بجے گاڑی کو تلاش کرنے میں کامیاب رہا جو ڈیفینس فیز 7 کے علاقے خیابانِ اتحاد میں متروکہ حالت میں ملی۔

گاڑی میں لاپتہ تاجر کا فون بھی موجود تھا، 39 سالہ چینی شہری 25 فروری 2020 کو ’کچھ کاروباری مقاصد‘ کے لیے پاکستان آیا تھا۔

اس ضمن میں ایک پولیس افسر کا کہنا تھا کہ وہ ممکنہ وجوہات اور اغوا کرنے والوں کا سراغ لگا رہے ہیں تاہم اب تک تاوان کی کوئی کال موصول نہیں ہوئی۔

عہدیدار کا کہنا تھا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ضلع جنوبی شرجیل کھرل نے غیر ملکی شہری کی باحفاظت بازیابی اور مجرمان کو گرفتار کرنے کے لیے ڈی ایس پی راجا طارق کی سربراہی میں ایک تفیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

علاوہ ازیں ڈی آئی جی جنوبی شرجیل کھرل نے بتایا کہ چینی تاجر سی پیک کے کسی منصوبے پر کام نہیں کررہا تھا ہم مختلف پہلوؤں سے اس اغوا کی واردات کی تفتیش کررہے ہیں۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -