کیا اب کسی کو امریکہ کی امیگریشن ملے گی؟ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنی نئی پالیسی کی وضاحت کردی، امریکہ جانے کے خواہشمندوں کے لیے اہم خبر آگئی
واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک )امریکہ نے نئی ویزہ درخواستوں کا عمل روک دیا ہے اور گرین کارڈز 60دن کے لیے معطل کر دیئے ہیں۔ میل آن لائن کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنی اس نئی امیگریشن پالیسی کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ہمیں سب سے پہلے امریکی مزدور کا تحفظ عزیزہے۔ جیسا کہ ہم جانتے ہیں کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاکھوں امریکی بے روزگار ہو گئے ہیں چنانچہ یہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں دوبارہ برسرروزگار کرے۔“
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ”امریکہ میں مستقل سکونت رکھنے والے تارکین وطن پر لگنے والی 60روزہ پابندی میں 30دن یا اس سے زائد عرصے کی توسیع بھی ہو سکتی ہے اور اس کا انحصار امریکہ کی معاشی صورتحال پر ہو گا۔“ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ”اس پابندی سے کچھ مخصوص غیرملکی ورکرز مستثنیٰ ہوں گے، جن میں عارضی سٹیٹس اور عارضی ورک پرمٹ کے خواہش مند شامل ہوں گے۔“ تاہم صدر ٹرمپ کی طرف سے یہ نہیں بتایا گیا کہ شہریوں یا مستقل رہائشی درجہ رکھنے والوں کے قریبی فیملی ممبرز اس سے مستثنیٰ ہوں گے یا نہیں۔ ڈیموکریٹس نے صدر ٹرمپ کے اس اقدام پر شدید ردعمل کا مظاہر کرتے ہوئے انہیں ’زینوفوبیا‘ کا شکار قرار دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کورونا وائرس کی وجہ سے ویزہ درخواستوں کی پراسیسنگ کا عمل پہلے ہی روک چکا تھا۔