عوام کی فلاح و بہبود اور مالی معاونت، بیسٹ وے گروپ کے 600 ملین روپے سے زائد کے عطیات، وزیراعظم کو بھی چیک پیش کردیا
کراچی ( پ ر)بیسٹ وے گروپ کی جانب سے کووڈ ۔19 (کورونا وائرس) سے نمٹنے اور پاکستان میں سی ایس آر کے لیے 600 ملین روپے سے زائد کے عطیات کیے گئے، پاکستان کے معروف غیر ملکی سرمایہ کار بیسٹ وے گروپ نے اپریل 2020ءتک گزشتہ چار ماہ کے دوران پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور مالی معاونت کے لیے 600 ملین روپے بشمول کووڈ۔19 کے ریلیف فنڈ کے لیے گزشتہ روز ہی وزیراعظم کو 200 ملین روپے کا چیک پیش کیا ہے۔
بیسٹ وے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں گروپ کے سی ای او لارڈ ضمیر چوہدری (CBE SI PK) نے کہا ہے کہ ”ہم اپنے چیئرمین سرانور پرویز، (OBE HPK) کی جانب سے پاکستان کے عوام کی بہتری کے لیے خدمات انجام دینے کے لیے پرعزم ہیں کیونکہ یہ سب سے بڑے اوورسیز پاکستانی انویسٹر کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری ہے اور انشاءاللہ ہم اس کٹھن وقت میں اپنے وطن کے لوگوں کی خدمت سے کسی طور پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ اپریل 2020ءتک گزشتہ چار ماہ کے دوران ہمارے گروپ نے کووڈ ۔19 ریلیف اور دیگر CSR سرگرمیوں میں 600 ملین روپے سے زائد صرف کیے ہیں۔ اس کے علاوہ جب اور جہاں ضرورت ہوئی ہم مزید وسائل فراہم کریں گے۔
بیسٹ وے گروپ پاکستان میں اپنے کلیدی ذیلی اداروں، بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ، نیز اپنی فلاحی امدادی تنظیم بیسٹ وے فاﺅنڈیشن کے ذریعے یہ مالی تعاون فراہم کررہا ہے۔ گروپ ملک کے معروف ہیلتھ کیئر کے اداروں کے ساتھ شراکت کار کے طور پر مصروف عمل ہے اور ملک بھر میں ہسپتالوں کو وینٹی لیٹرز اور دیگر ضروری طبی آلات و ادویہ عطیے میں دیے گئے ہیں۔ گروپ اس کے علاوہ بھی ملک بھر میں اپنے مقامی سماجی طبقات کے ساتھ موثر طور پر سرگرم ہے اور ہزاروں مستحق خاندانوں کو ان کی ضرورت کے مطابق اشیائے خوردونوش اور مالی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
امداد کے اس سلسلے کے علاوہ بھی بیسٹ وے گروپ عمومی طور پر وسیع تر امدادی سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔ لارڈ چوہدری کی سرپرستی میں بیسٹ وے گروپ نے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں 21 ملین ڈالر سے زائد کے عطیات فراہم کیے ہیں۔ ایک سالانہ بنیاد پر گروپ اپنے اس مقاصد کے لیے تشکیل دیے گئے بنیادی ہیلتھ یونٹس میں 35,000 سے زائد افراد کو مفت طبی علاج معالجے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ بیسٹ وے فاﺅنڈیشن کے ذاتی اور فنڈڈ تعلیمی اداروں میں 5000 سے زائد بچے مفت تعلیم سے استفادہ حاصل کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ گروپ کے ذیلی ادارے و بیسٹ وے سیمنٹ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کے 10 بڑے امدادی اداروں میں شامل کیے جاتے ہیں۔
بیسٹ وے گروپ تعلیم کے فروغ کے اقدامات پر بھی خصوصی توجہ دیتا ہے اور ضلع چکوال میں 9 سکولوں کی بحالی اور ان کی مرمت و تزئین وآرائش میں مصروف عمل ہے۔ لارڈ چوہدری نے برطانیہ میں بھی عالمی معیار کی جامعات مثلاً آکسفورڈ، کینٹ اور بریڈفورڈ میں پاکستانی طلبا وطالبات کے لیے وقف کردہ سکالر شپس اور وظائف کے لیے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
تمام تر ضروری حفاظتی اقدامات کو رائج کرنے کے ساتھ ساتھ بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ مستقل بنیادوں پر ملک بھر میں اپنے صارفین اور چھوٹے و درمیانے سائز کے کاروباروں کو ہر ممکن خدمات کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہیں کیونکہ ایسے کٹھن اور مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جاسکتا۔ لارڈ چوہدری اپنے گروپ کے ملازمین کی ان بیش قدر خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ”اپنے ملازمین کی کاوشوں کے بغیر یہ سب ہمارے لیے ممکن نہ ہوتا جو چیلنج کی اس صورتحال میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں اور اب بھی ادا کررہے ہیں اور انہوں نے اپنے مقامی لوگوں کو خدمات کی فراہمی یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ہمارے ساتھیوں کی صحت اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اس امر کو یقینی بنانے کے لیے تمام سہولتیں اور معاونت فراہم کررہے ہیں تاکہ وہ محفوظ اور خیریت سے رہیں۔ میں انتہائی فخر محسوس کرتاہوں کہ ہم اس کٹھن صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے متحد ہیں۔“