مفتی منیب الرحمان نماز تراویح کہاں پر ادا کریں گے؟مولانا فضل الرحمان کے بعد چیئر مین رویت ہلاک کمیٹی نے بھی دبنگ اعلان کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا ہے کہ میں گھر پر ہی نماز ادا کر رہا ہوں اور رمضان میں بھی گھر پر ہی نماز کی ادائیگی کروں گا ۔ایک ویڈیو پیغام میں ان کاکہنا ہے کہ بیس نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد شروع ہوگیا ہے جس کے تحت علمائے کرام مشاورت کررہے ہیں اور ان سب کو ہم بریفنگ بھی دے رہے ہیں اور اس پر عملدرآمد کرتے ہوئے مساجد میں نمازیوں اور صفحوں کیلئے نشانات بھی لگادیئے گئے ہیں بزرگوں اور معذوروں کو گھر میں نماز پڑھنے کی ہدایت کردی ہے۔
مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ جن کو نزلہ کھانسی بخار سانس لینے میں دشواری ہے وہ مساجد میں قطعی نہ آئیں جبکہ گنجان آبادی والے علاقے جہاں لوگ زیادہ اور مساجد چھوٹی ہیں وہاں دو جماعتوں میں نماز کے اجتماعات کروائے جائیں،حکومت کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر مکمل عمل کررہے ہیں ,سب کو تعاون کرتے ہوئے معاہدے پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے بھی کورونا وائرس کی وجہ سے گھر میں نماز ادا کرنے کا اعلان کر رکھا ہے ،ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی وجہ سے لوگوں کو وائرس میں مبتلا نہیں کرنا چاہتے اس لیے گھر میں ہی نماز ادا کریں گے ۔