عابد علی، یاسر شاہ اور شاہین آفریدی کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ نہ ہو سکے مگر کیوں؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابراعظم اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی سمیت مزید 11 کھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ بھی مکمل کر لئے ہیں تاہم عابد علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی ذاتی مسائل کی وجہ سے دستیاب نہیں تھے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے لاک ڈاﺅن کی وجہ سے گھروں تک محدود کرکٹرزکی فٹنس ویڈیو کال پر آزمانے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ایسوسی ایشنز کی ٹیموں میں شامل ڈومیسٹک پلیئرز کی آزمائش چند روز قبل ہی شروع کر دی گئی تھی۔ منگل کو سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز حارث سہیل، محمد عباس، اسد شفیق، سرفراز احمد، شان مسعود، حسن علی، شاداب خان اور عماد وسیم نے ویڈیو کال پر آن لائن ٹیسٹ دئیے۔
قومی ٹیم کے سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ یاسر ملک نے گزشتہ روز ٹی 20 ٹیم کے کپتان بابر اعظم، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی، فخر زمان، محمد عامر، وہاب ریاض، محمد رضوان، عثمان شنواری اور امام الحق سمیت مزید 11 کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لئے جبکہ محمد حفیظ، شعیب ملک اور نسیم شاہ کی جانچ اکیڈمی کے ٹرینر صبور احمد نے کی، ذاتی وجوہات کی بناءپر دستیاب نہ ہونے والے عابد علی، یاسر شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کے ٹیسٹ اگلے ہفتے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق یاسر ملک تمام ڈیٹا کو پیش نظر رکھتے ہوئے چند روز میں رپورٹ مرتب کرکے ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق کو بھجوائیں گے،دوسری جانب ڈومیسٹک پلیئرز کے ٹیسٹ متعلقہ ٹیموں کے ٹرینرز نے لئے ہیں جن کھلاڑی کو مناسب جگہ دستیاب نہیں تھی ان کیلئے یویو ٹیسٹ دینا لازمی نہیں تھا، اس بار فٹنس کا معیار کم ہونے پر جرمانے بھی نہیں کئے جارہے، بس ٹیسٹ لینے کا فرض پورا کیا گیا جبکہ اگلی جانچ جون میں ہوگی۔