ایوان کا تقدس سب پر لازم ، اپوزیشن سن لے اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتے ہیں:سردار عثمان بزدار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنےکہاہےکہ بعض اپوزیشن جماعتوں نےغیرجمہوری رویے کا مظاہرہ کیا، ایوان کا تقدس سب پر لازم ہے،سابق وزیراعظم کو ایسے نازیبا ریمارکس زیب نہیں دیتے،اپوزیشن سن لے کہ ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سے 90شاہراہ قائداعظم پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کیں،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور حلقوں کے مسائل کےحل کے حوالے سے بات چیت ہوئی، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کے بارے میں نازیبا ریمارکس کی مذمت کی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ نازک حالات میں اپوزیشن کے انداز سیاست پر صدافسوس ہے،اپوزیشن حساس معاملات پر بھی منفی سیاست سے باز نہیں آئی، اپوزیشن نے اپنی مردہ سیاست کو زندہ کرنے کی مذموم کوشش کی،اپوزیشن ڈوبتی سیاست کے لئے مختلف سہار ے ڈھونڈ رہی ہے، حکومت نے ذمہ داری کامظاہرہ کیا اور خوش اسلوبی سے معاملات طے ہوئے، وزیر اعظم عمران خان نے پوری دنیا میں ناموس رسالتﷺ کامقدمہ لڑا ہے اور عالمی سطح پر ہر فورم پر وزیراعظم عمران خان نےاس معاملےپرآواز بلند کی ہے،توڑ پھو ڑ کی سیاست ملک کیلئےنقصان دہ ہے،حکومت نےپہلےبھی نامو س رسالت ﷺ پر آواز بلند کی،آئندہ بھی ہماری آواز ہرفورم پر گونجے گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل ان کی مشاورت سے حل کر رہے ہیں،ہر ضلع کا علیحدہ ترقیاتی پیکیج ترتیب دیا ہے اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی تجاویز کو بھی ترقیاتی پیکیج میں شامل کیا گیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت ترقی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائے گی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی سردار ریاض محمود خان مزاری، سید فیض الحسن، حاجی امتیاز احمد چوہدری اور رکن پنجاب اسمبلی بلال اصغر وڑائچ شامل تھے۔