جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع
جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

  

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سیشن کورٹ میں جہانگیر ترین ، علی ترین اور دیگر کی عبوری درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، عدالت نے عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی ۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق جہانگیر ترین اور علی ترین سمیت دیگر عدالت پیش ہوئے اور حاضری لگائی ، جہانگیر ترین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جہانگیر اور علی ترین تفتیش میں شامل ہو رہے ہیں اور مکمل تعاون کر رہے ہیں ،ہم منی لانڈرنگ کے الزامات میں ثبوت دے رہے ہیں ۔

جہانگیر ترین کے وکیل نے کہا کہ امید ہے ہم پر جو الزامات عائد کئے گئے ہیں ان میں سرخرو ہوں گے ، دونوں مقدمات میں تمام الزامات کا ریکارڈ فراہم کر رہے ہیں ، امید ہے آنے والے دنوں میں ایف آئی اے اپنے موقف سے پیچھے ہٹ جائے گا ۔ ایف آئی اے کے تفتیشی نے عدالت کو بتایا کہ تمام الزامات پر تفتیش کر رہے ہیں ، ملزمان کا نامکمل ریکارڈ کمرہ عدالت میں موجود ہے ۔عدالت نے ایف آئی اے کے ریکارڈ کا جائزہ لیکر فائل دوبارہ تفتیشی کے حوالے کر دی۔

فاضل جج نے استفسار کیا کہ انکوائری رپورٹ کہاں ہے ، اسے بھی پیش کیا جائے جس پر تفتیشی نے بیان دیا کہ انکوائری رپورٹ خفیہ ہوتی ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین نے آئندہ سماعت پر انکوائری رپورٹ عدالت پیش کرنے کا حکم دے دیا ۔

عدالت نے عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کر دی ۔ واضح رہے کہ جہانگیر ترین ، ان کے صاحبزادے علی ترین اور دیگر پر ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے ۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -