طالبہ کو ہراساں کرنے والے لیکچرر سمیت تین ملزم گرفتار

طالبہ کو ہراساں کرنے والے لیکچرر سمیت تین ملزم گرفتار
طالبہ کو ہراساں کرنے والے لیکچرر سمیت تین ملزم گرفتار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

فیصل آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی طالبہ کو مبینہ طور پر ہراساں اور بلیک میل کرنے کے الزام میں ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے لیکچرر سمیت تین ملزموں کو گرفتار کرلیا۔

انگریزی جریدے ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق ایف آئی اے سائبر ونگ حکام کے مطابق جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے شعبہ ماس کمیونیکیشن کی طالبہ نے درخواست میں کہا کہ اس کا سابق شوہر عامر شہزاد اور ایک ہم جماعت ندیم خالد نے ایک فرضی کردار نجف کےساتھ میرا ناجائز تعلقات ثابت کرنے کیلئے مجھ سے غیر اخلاقی گفتگو کی ۔

ملزمان نے مبینہ طور پر جعلی چیٹ لڑکی کے بھائیوں اور رشتے داروں کو بھیج کر بدنام کرنے کی کوشش کی، جو طالبہ کیلئے پریشانی کا باعث بنی ۔ایف آئی اے کی ٹیم نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم عامر اور ندیم کو کار میں سفر کرتے ہوئے گرفتار کرلیا ، ملزمان سے چار عدد موبائل فون قبضے میں لیکر تفتیش شروع کی۔

دوران تفتیش ملزم ندیم نے اعتراف کیا کہ جی سی یونیورسٹی کے شعبہ کمیونیکیشن کے لیکچرر احمد خان نے یہ تمام من گھڑت واقعات بناے تھے ۔احمد خان طالبہ مریم سے  جسمانی تعلقات بنانے کیلئے اسے بلیک میل کرنا چاہتا تھا ۔

ایف آئی اے سائبر ونگ کی ٹیم نے احمد کے گھر پر ریڈ کر کے اسے گرفتار کرلیا جس کے بعد تینوں ملزموں کو عدالت پیش کر کے ریمانڈ لے لیا ۔

لیکچرر کے خلاف ہراساں کرنے کی درخواست یونیورسٹی کی ڈسپلنری ایکشن کمیٹی میں بھی زیر التوا تھی لیکن اسے انتظامیہ کی جانب سے نامعلوم وجوہات کی بناء پر دبا لیا گیا تھا۔

موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کی طالبات نے بھی ہراساں کئے جانے کے معاملات کو یونیورسٹی انتظامیہ کے سامنے رکھا مگر وہاں بھی اسے دبانے کی کوشش کی گئی تھی ۔شعبہ زوالوجی کی طالبہ افشاں نے کہا کہ حکومت کو باقاعدہ ایکشن لیتے ہوئے ایسے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات کرنے چاہئے ۔ایک طالبعلم احسن نے کہا کہ موجودہ حالات میں والدین پہلے ہی اپنی بیٹیوں کو باہر بھیجتے ہوئے خوفزدہ ہیں ۔

ایف آئی اے انسپکٹر سجاد نے کہا کہ آن لائن ہراسگی کے کیسز خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں ، سائبر کرائم  ونگ ایسے کیسز کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور بروقت ایکشن لے رہا ہے ۔