بھارت میں کوروناسے متاثر ہ شخص قرنطینہ سے فرار ہونے کی کوشش میں موت کے منہ میں چلا گیا 

بھارت میں کوروناسے متاثر ہ شخص قرنطینہ سے فرار ہونے کی کوشش میں موت کے منہ ...
بھارت میں کوروناسے متاثر ہ شخص قرنطینہ سے فرار ہونے کی کوشش میں موت کے منہ میں چلا گیا 

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے گھر میں تنہائی میں رکھا گیا ایک عمر رسیدہ آدمی گھر سے فرار ہونے کی کوشش میں موت کے منہ میں چلا گیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس 87سالہ شخص کا تعلق بھارتی شہر کلکتہ سے تھا جو حضرہ روڈ پر واقع ایک اپارٹمنٹ بلڈنگ میں تیسرے فلور پر اپنے خاندان کے ساتھ رہتا تھا۔ اس پورے خاندان میں کورونا وائرس کی علامات دیکھی جا رہی تھیں جس پر تمام لوگ ہی الگ الگ کمروں میں قرنطینہ میں تھے اور اس عمر رسیدہ شخص کو بھی ایک کمرے میں الگ رکھا جا رہا تھا۔

گزشتہ روز اس آدمی نے تیسری منزل سے بالکونی کے ذریعے نیچے اترنے کی کوشش کی مگر 40فٹ کی بلندی سے گر کر موت کے گھاٹ اتر گیا۔ اس آدمی نے پہلے کشن، تکیے اور گدا وغیرہ نیچے پھینکا اور پھر خود بھی اترنے کی کوشش کی تاہم گرفت کمزور ہونے پر وہ پہلے نیچے کھڑی ایک کار کے اوپر گرا اور پھر کارسے لڑھک کر زمین پر آ رہا۔ 

اس بوڑھے آدمی کے بیٹے کا کہنا تھا کہ ”ہمارا باپ قرنطینہ میں کسی طور نہیں رہنا چاہتا تھا تاہم اس کی عمر کے پیش نظر ہم نے زبردستی اسے کمرے میں بند کر دیا تھا۔ ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ وہ ایسا کام بھی کر سکتا ہے۔“پولیس بھی کورونا وائرس کے ڈر سے اس خاندان سے پوچھ گچھ نہیں کر سکی کیونکہ اہلکار ڈر کے مارے ان کے فلیٹ میں داخل ہی نہیں ہوئے اور باہر سے ہی کچھ گفتگو کی ہے۔ تفصیلی پوچھ گچھ تاحال صرف فون پر ہی ہو سکی ہے۔

مزید :

بین الاقوامی -کورونا وائرس -