مسجد میں افغان مہاجر کو قتل کردیا گیا
ہری پور(ڈیلی پاکستان آن لائن )نواحی علاقے کھلابٹ ٹاون شپ میں نامعلوم شخص نے مسجد میں گھس کر افغان مہاجر کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتاڑ دیا۔
انگلش جریدے ایکسپریس ٹربیون کے مطابق خیبر پختونخوا کے شہرہری پور میں نامعلوم شخص نے مسجد میں گھس کر افغان مہاجر کو موت کی ابدی نیند سلا دیا ،پولیس کے مطابق مقتول پہلے بھی قاتلانہ حملے میں زخمی ہو چکا تھا،مقتول کی شناخت سخی عامر شاہ کے نام سے ہوئی ہے ۔مقتول کھلابٹ ٹاون شپ چاندنی چوک میں مہاجر کیمپ کے قریب نماز تراویح میں شرکت کر رہا تھاجب نامعلوم شخص نے اس پر فائر کھول دیا ،واردات کے بعد ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
جریدے کے مطابق چند ماہ قبل اسی علاقے میں بجلی کے بلوں پر مہاجرین کے 2 گروپوں کے درمیان تصادم میں 7 مہاجرین ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے تھے۔ زخمیوں میں سخی عامر شاہ بھی شامل تھا ،پولیس کے مطابق قتل کی وجہ 2گروہوں کے درمیان پرانی دشمنی ہے ،پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے شروع کر دیے ہیں۔
بدھ کے روز ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں غازی کے علاقے نارا امازئی میں ایک 17 سالہ نوجوان کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ وہ ابھی تک اس بات کا تعین نہیں کرسکے کہ لڑکے نے خودکشی کی ہے یا اس کی موت کسی حادثے میں ہوئی ہے۔مقتول کی شناخت حمزہ خان ولد نذیر گل کے نام سے ہوئی ہے۔