علامہ اقبالؒ نے مسلمانوں کو اسلام کی تعلیمات اور اعلیٰ اقدار کا درس دیا،مقررین
لاہور(پ ر) علامہ محمد اقبالؒ نے مسلمانوں کو دینِ اسلام کی تعلیمات اور اعلیٰ اقدار پر فخر کرنے کا درس دیا۔ وہ چاہتے تھے کہ مسلمان قوم خودی اور جہدِمسلسل کے ذریعے اپنے آبا و اجداد کی مانند عروج حاصل کرے۔ علامہ محمد اقبالؒ کی ولولہ انگیز شاعری نے مسلمانانِ برصغیر کے تنِ مردہ میں نئی روح پھونک دی اور وہ آزادی کیلئے تن من دھن قربان کرنے پر آمادہ ہو گئے۔ نئی نسل کلام اقبال کا نہ صرف مطالعہ کرے بلکہ اسے صحیح معنوں میں سمجھنے اور عمل کرنے کی بھی کوشش کرے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان‘لاہور میں شاعر مشرق‘ مفکر پاکستان حضرت علامہ محمد اقبالؒکے یوم وفات کے موقع پر منعقدہ ”یوم اقبال“ کی خصوصی تقریب کے دوران کیا۔تقریب کی صدارت گولڈ میڈلسٹ کارکن تحریک پاکستان اور سینئر وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان میاں فاروق الطاف نے کی جبکہ علامہ محمد اقبالؒ کے پوتے بیرسٹر ولید اقبال مہمان خاص تھے۔ تقریب کاباقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک‘ نعت رسول مقبولؒ اور قومی ترانہ سے ہوا۔قاری خالد محمود نے تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کی جبکہ حافظ مرغوب احمد ہمدانی نے بارگاہِ رسالت ؐ میں نذرانہ عقیدت اور خوبصورت انداز میں کلام اقبال پیش کیا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض محمد سیف اللہ چوہدری نے انجام دئیے۔تقریب سے سینئر وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان میاں فاروق الطاف، علامہ محمد اقبالؒ کے پوتے بیرسٹر ولید اقبال، سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع،کنوینر مادرملت سنٹر پروفیسر ڈاکٹر پروین خان، کرنل(ر) زید آئی فرخ، بیگم خالدہ جمیل،رضا ریاض، محمد سیف اللہ چوہدری، ناہید عمران گل نے خطاب کیاجبکہ مجاہد حسین سید‘ پروفیسر یوسف عرفان‘ میاں حبیب اللہ‘ شاہد محمود بٹ‘ پروفیسر ثمینہ بشریٰ‘ فاروق خان آزاد‘ پیرزادہ جاوید چشتی‘ قیصر سلطان‘ فدا حسین‘ نائلہ عمر‘ ضماد گریوال‘ اساتذہ کرام‘ طلباوطالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔تقریبات یوم اقبال کے دوران تعلیمی اداروں کے طلباوطالبات کے مابین ہونیوالے انعامی مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنیوالے طلبا وطالبات میں شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔