ورچوئل یونیورسٹی : ایجوکیشن ٹیکنالوجی میں سب سے آگے!
ورچوئل یونیورسٹی پاکستان کی پہلی غیر روایتی، ٹیکنالوجی کی بنیاد پر کام کرنے والی انتہائی جدید یونیورسٹی ہے جو حکومت پاکستان نے 2002ء میں قائم کی۔ ورچوئل یونیورسٹی ملک بھر کی بہترین فیکلٹی کے ذریعے اعلیٰ معیار، آسان رسائی اور کم لاگت کی حامل عالمی معیار کی تعلیم کی فراہمی سے پاکستان میں تعلیم کا معیار بلند کررہی ہے۔ فیڈرل چارٹر کے حصول سے یونیورسٹی کے لئے ممکن ہوا کہ وہ جدیدتعلیم،جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی کی بدولت ورچوئل جغرافیائی سرحدوں سے ماورا ہو کر ، بہترین فیکلٹی کی خدمات سے استفادہ کر کے جغرافیائی حدود سے قطع نظر تمام طلباء کے لئے یکساں طور پر ممکن بنائے۔ ورچوئل یونیورسٹی کا بنیادی مقصد ملک بھر میں تمام سماجی اور معاشی رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے ملک کے طول و عرض میں خصوصاً دور افتادہ علاقوں میں بلا تفریق معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ورچوئل یونیورسٹی کے ذریعے آسان رسائی اور کم لاگت کی حامل عالمی معیار کی تعلیم کی فراہمی سے پاکستان میں تعلیم کا معیار بلند ہورہاہے۔
یہ نظام تعلیم ویڈیو لیکچرز اور انٹرنیٹ رابطے پر مشتمل ہے ۔ویڈیو لیکچر یونیورسٹی کے اپنے ڈیجیٹل سٹوڈیوز میں ریکارڈ اور نشرکئے جاتے ہیں۔ ورچوئل یونیورسٹی ملک کی واحد یونیورسٹی ہے، جس کے اپنے چار ٹی وی چینل ہیں ۔بہترین پروفیسرز اور ایکسپرٹس کے ذریعے ورچوئل یونیورسٹی اپنے طلبا کے لئے جدید اور معیاری کورسز ترتیب دیتی ہے۔یہ کورسز جدید ترین ٹیکنالوجی ، آلات اور آرام دہ ماحول کو پیش نظر رکھ کر خصوصی طور پر تیار کئے گئے ہیں تاکہ یہ طلبہ کی صلاحیتوں کو بیدار کرنے اور ان کی اختراعی فکرو دانش کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کریں۔ ورچوئل یونیورسٹی ٹیلی وژن، انٹرنیٹ، سی ڈیز کے ذریعے فروغ تعلیم میں مصروف عمل ہے۔ اعلیٰ معیار کے یہ لیکچرز ملک کی دیگر یونیورسٹیوں کے طلبہ کے لئے ٹی وی نشریات کے ذریعے مفت دستیاب ہیں۔جدید ٹیکنالوجیز اور قومی انتظامی ڈھانچے کو بروئے کار لاتے ہوئے ورچوئل یونیورسٹی نے ملک بھر بشمول دیہی علاقہ جات کے طلباء کو ایک مثالی تعلیمی ماحول فراہم کیا ہے۔
ملک میں پہلی بار دور دراز کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کی رسائی ماہر پروفیسرز تک ممکن ہوئی جو کہ پہلے صرف بڑے شہروں کے طلباء تک محدود تھی۔ ابتدائی نتائج سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ ہمارے دیہات اور دور دراز کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کی پوشیدہ صلاحیتیں اور ذہانت اب نکھر کر سامنے آ رہی ہے اس سے ملک کے معاشی حالات کی بہتری میں مدد ملے گی۔طلبا گھر پر رہ کر یا ورچوئل کیمپسز کے ذریعے جو کہ ملک کے طول و عرض میں پھیلے ہوئے ہیں،تعلیم حاصل کر سکتے ہیں۔یہ کیمپسز طلبا کو الیکٹرونیکلی لیکچرز،کمپیوٹرز لیبارٹریز تک رسائی فراہم کرتے ہیں نہ صرف یہ بلکہ طلبا اپنے اساتذہ کے ساتھ بھی رابطے میں رہتے ہیں ۔ان کیمپسز کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ طلبا اپنے ساتھیوں کے ساتھ بھی رابطے میں رہتے ہیں تاکہ گروپ سٹڈی ممکن ہو سکے۔کیمپسز کے درمیان باہمی مقابلے نے بھی جذبہ تعلیم اور کامیابی کی راہ کو ہموار کیا ہے۔
ورچوئل یونیورسٹی میں مالیکیولر بائیالوجی لیب کا قیام بائیو انفارمیٹکس کے طلبہ کے لئے اہم پیش رفت ثابت ہوا ہے۔ ورچوئل یونیورسٹی نے ہر شعبہ میں تعلیم اورسروسز کی فراہمی کو معیاری اور بہتر بنانے کے لئے کوالٹی انہانسمنٹ سیل قائم کیا ہے،جس کے عوامل میں لوگوں میں ورچوئل یونیورسٹی کے نظام تعلیم اور ڈگریوں کے حوالے سے اعتماد سازی کے اقدامات،ہر مضمون میں پڑھائی کے معیار پر مسلسل نظر ،پروگرامز کی بہتری کے لئے تفصیلات اور نئے پروگرامز کی منظوری کے طریقہ کار،طلباء کا فیڈ بیک، مضمون کے جائزے اور ادارے کی کارکردگی کا تعین کرنا شامل ہے۔ ایک تعلیمی ادارے کے طور پر ورچوئل یونیورسٹی کی خدمات کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔IDRCکی جانب سے ایشیاء میں فاصلاتی نظام تعلیم پر دو اہم ریسرچز کے لئے ورچوئل یونیورسٹی کا چناؤ کیا گیا۔ ورچوئل یونیورسٹی‘‘ نیٹ ورکنگ ڈسٹنس لرننگ ٹیکنالوجی انجن فار ریسرچ‘‘ اور ’’اوپنیس اینڈ کوالٹی ان ایشین ڈسٹنس ایجوکیشن‘‘کے تحت ایک بڑی تعداد میں تعلیمی اداروں جن کا تعلق ،بھوٹان، کمبوڈیا، سری لنکا، انڈیا، انڈونیشیا، جاپان، لاؤس، ملیشیاء، منگولیا، فلپائن،تھائی لینڈ اور ویت نام سے ہے، کی رہنمائی کر رہا ہے۔
ان پراجیکٹس میں رہنما کا کردارنہ صرف وی یو کے لئے، بلکہ پاکستان کے لئے بھی اعزاز کی بات ہے۔ا س کے اوپن کورس وئیر ویب سائٹ کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی اور اعزا ز حاصل کرنا اس بات کی دلیل ہے۔ اس کے علاوہ ورچوئل یونیورسٹی اپنے کمپیوٹر پروفیشنسی لائسنس کے ذریعے دوردراز علاقوں میں کمپیوٹر کی بنیادی تعلیم فراہم کر رہی ہے تا کہ پاکستان میں ٹیکنالوجی کے حوالے سے حصولِ علم میں حائل رکاوٹیں دور کی جا سکیں ۔وی یو MIT\'sبلوسم انیشیٹیوئزکا بھی ایک متحرک ممبر ہے۔بلوسم انیشیٹیوئزکامقصد حساب اور جنرل سائنس کا تدریسی طریقہ آسان بنانا ہے ۔ممبرآرگنایزیشنزکا تعلق یو ایس اے ،پاکستان ،لبنان اور جورڈن سے ہے۔وی یو کے بہت سے گریجویٹ سول سروسز،سمندر پار ڈاکٹریٹ ، جبکہ بہت سے طلبا نے ملکی اور بین الاقوامی کمپینیز میں شمولیت اختیار کی ہیں۔بہت سی ملکی اور بین الاقوامی ،نامور سافٹ وئیر ہاؤسز وی یو گریجویٹ کی خدمات سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔مندرجہ بالا حقائق ورچوئل یونیورسٹی کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور ملکی ترقی کی خوشحالی میں اہم کردار کو ظاہر کرتے ہیں ۔
نئے ڈگری پروگرامز متعارف کرانے سے ورچوئل یونیورسٹی ملک کی معاشی و سماجی فلاح و بہبود میں نہ صرف اہم کردار ادا کر رہی ہے، بلکہ ملکی اور بین الاقوامی سطح کی یونیورسٹیز کے ساتھ معاہدات نے جدید اور معیاری تعلیم کی راہ ہموار کی ہے۔ ورچوئل یونیورسٹی ملک بھر سے طلبا ء کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ایک ہی سطح پر لا کر کھڑا کرنا چاہتی ہے تا کہ وہ بھی ملکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کر سکیں ۔اس ادارے نے قلیل عرصے میں اپنے آپ کوجدیداور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے ایک مستند ادارے کے طور پر منوایا ہے ۔ملک بھر کے 95 شہروں میں 200 کیمپسز کا قیام اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے ۔ہر نئے سمسٹر میں طلبا کی ڑھتی ہوئی تعداد اس کی کامیابی کی روشن دلیل ہے کہ یقیناًورچوئل یونیورسٹی ملک کے ہر کونے میں علم کی شمع سے جہالت کے اندھیروں کو مات دینا چاہتی ہے۔