حوثی باغیوں نے پاناما کا تجارتی بحری جہاز یرغمال بنا لیا
صنعاء(این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے سرگرم عرب اتحاد کے ایک ذریعے نے بتایا ہے کہ یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر موجود ایک تجارتی جہاز کے کپتان کی طرف سے رابطہ کر کے بتایا گیا ہے کہ حوثی ملیشیا نے جہاز کو یرغمال بنا لیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق راھو نامی پاناما کے تجارتی جہاز کے کپتان الحدیدہ بندرگاہ کی انتظامیہ کو بتایا کہ سمندر میں رمی المخطاف کے مقام پر حوثی باغیوں نے جہاز اغواء کرلیا ہے۔ کپتان نے بتایا کہ جہاز کے تمام کاغذات ان سے چھین لیے گئے ہیں۔
تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ آیا ایسا کس مقصد کے تحت کیا گیا ہے۔جہاز پر ڈیزل کی بھاری مقدار لادی گئی ہے۔ اسے 19 جولائی کو عرب اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ سے گذرنے کی اجازت دی تھی۔ آخری اطلاعات تک بحری تجارتی جہاز باغیوں کے قبضے میں تھا۔