نواز شریف بند گلی میں داخل ہوچکے ہیں،عبدالعلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدرعبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز شریف بند گلی میں داخل ہوچکے ہیں جھوٹ کی بنیاد پر کھڑی ہونے والی سیاسی عمارت زمین بوس ہو چکی ہے اب نواز شریف دوسروں کو بھی ساتھ لے کر ڈوبنا چاہتے ہیں عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں یوتھ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھگوڑوں کو ملک سے بھاگنے کا موقع نہیں دینا چاہیے،پاکستان اپنی تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر ہے،لوٹ مار کی دولت ملک میں واپس لانے سے ہی احتساب کا عمل مکمل ہوگاانہوں نے کہا کہ نواز شریف منی لانڈرنگ کیلئے اقامے کا سہارا لینے کے جرم میں نااہل ہوئے لیکن احتساب کا عمل مکمل کرنے کیلئے احتساب کارروائی کا جلد ازجلد مکمل ہونا ضروری ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ نواز شریف کو جیل میں بھیجنے کیلئے ظفر حجازی کیس ہی کافی ہے،ریکارڈ ٹمپرنگ کرنے والے مہرے کو تو گرفتار کیا گیا لیکن اس مکروہ فعل میں ملوث فرد یا افراد کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے تو اداروں سے کھیلنے والوں کو سبق حاصل ہوگا، انہوں نے کہا کہ پوچھ گچھ کارروائی سے بھاگنے والوں کے عیب نہیں چھپ سکتے،جے آئی ٹی رپورٹ میں درج کرپشن کی داستانیں قوم کے بچے بچے کوزبانی یاد ہوچکی ہیں لیکن یہ پوچھتے ہیں کہ ہمیں کیوں نکالاگیا عبدالعلیم خان نے کہا کہ جمہوریت کے چیمپئن بن کر لوٹ مار کرنے والوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں، ملک سے بھاگنے سے قبل ہی ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونا چاہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کلثوم نواز کو ڈمی وزیر اعظم بناکر ایک بار پھر پورا شاہی خاندان کو وزیر اعظم ہاؤس میں اکٹھاکرنے کا پلان پہلے ہی کمزور ہوچکا،نواز فیملی میں دراڑ پڑ چکی،مفادات کیلئے جڑے حواری ایک دوسرے پر الزامات عائد کرتے ہوئے ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں،کوئی ایک بھی مصطفی کمال ثابت ہوا تو کچا چٹھا کھول دے گا۔انہوں نے کہ پی ٹی آئی عدالتی محاذ کیساتھ عوامی رابطہ مہم میں بھی ان کی کرپشن سے پردہ اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھی گی،عمران خان کے ویڑن کے مطابق عدل وانصاف پر مبنی معاشرے کیلئے جدوجہد میں کوئی کمی نہیں آنے دینگے۔