فی ایکڑ پیداوار کے فروغ کیلئے اخراجات کا تخمینہ 4.76ارب روپے ہے محکمہ زراعت پنجاب

فی ایکڑ پیداوار کے فروغ کیلئے اخراجات کا تخمینہ 4.76ارب روپے ہے محکمہ زراعت ...

 لاہور(کامرس رپورٹر) صوبہ پنجاب میں فی ایکڑ پیداوار کے فروغ کیلئے تین سال کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جس پر اخراجات کا تخمینہ 4.76 ارب روپے ہے۔ پنجاب کے محکمہ زراعت کے حکام نے کہا ہے کہ منصوبہ کے تحت نئی ٹیکنالوجیز کو متعارف کروایا جائے گا جن میں جدید ترین سولر ڈرپ سپرنکلر اریگیشن سسٹم کو اہمیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کے پہلے مرحلہ کے دوران مختلف اضلاع میں 20 ہزار ایکڑ رقبہ پر آبپاشی کا جدید ترین نظام لگایا جائے گا جس سے آبی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اس کے علاوہ منصوبہ کے تحت ٹنل فارمنگ کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے اور 3 ہزار ایکڑ رقبہ پر ٹنلز قائم کی جائیں گی ۔

جس سے صوبہ میں سبزیوں کی پیداوار کے اضافہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ سے صوبہ میں فی ایکڑ زرعی پیداوار کے اضافہ سے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور کاشتکار طبقہ کی آمدنی کے اضافہ میں بھی معاونت حاصل ہوگی۔

مزید : کامرس