’’میاں ایم آئی شمیم نے تحریک پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا‘‘

’’میاں ایم آئی شمیم نے تحریک پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا‘‘

لاہور(سٹی رپورٹر)میاں ایم آئی شمیم نے تحریک پاکستان میں بھرپور کردار ادا کیا۔ انہیں قائداعظمؒ اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی میزبانی کا شرف بھی حاصل رہا۔ میاں ایم آئی شمیم نے اپنی زندگی نظریۂ پاکستان کے فروغ اور اس کی ترویج واشاعت کیلئے وقف کر رکھی تھی ۔ ان خیالات کااظہار تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان و چیئر مین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ‘ وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد‘ چیئر مین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ چیف جسٹس (ر) میاں محبوب احمد‘ اعزازی سیکرٹری اور ٹرسٹی میاں فاروق الطاف ‘ ٹرسٹی صاحبان جسٹس (ر) آفتاب فرخ‘ افتخار علی ملک اور ٹرسٹی و سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن میاں ایم آئی شمیم کے انتقال پر ایک مشترکہ تعزیتی بیان میں کیا۔ بیان میں تحریک پاکستان کے سر گرم کارکن میاں ایم آئی شمیم کے انتقال پر گہرے دُکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میاں ایم آئی شمیم نے تحریک پاکستان میں جو سر گرم کردار ادا کیا اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ میاں محمد اسماعیل شمیم کو مالیر کوئلہ میں 1940ء میں مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی بنیاد رکھنے اور سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن کی حیثیت سے قیام پاکستان کی جدوجہد حصہ لینے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہیں قائداعظمؒ اور مادرملت کی میزبانی کا شرف بھی حاصل رہا ۔مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کے الیکشن میں ایوب خان کے خلاف گوجرانوالہ میں سب سے توانا آواز میاں ایم آئی شمیم کی تھی۔ مرحوم تا دم آخر وطن عزیز کی سیاسی ‘ سماجی اور تعلیمی خدمت میں مصروف عمل رہے۔ اس سال یوم آزادی پر اپنے آخری خطاب میں انہوں نے تحریک پاکستان کی یادداشتیں بیان کیں اور وطن عزیز کی ترقی کے لئے اپنی نیک خواہشات اور عزم کا اظہار کیا۔ ان کی وفات سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ طویل عرصے تک پُر نہیں ہو چکے گا۔ بیان میں سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہارکیا گیا اور میاں ایم آئی شمیم کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی کہ اللہ تعالی انہیں جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور سوگوار خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1