ٹاسک فورس کے چھاپے ،غیرقانونی گیس سپلائی کے 3نیٹ ورک پکڑ لئے

ٹاسک فورس کے چھاپے ،غیرقانونی گیس سپلائی کے 3نیٹ ورک پکڑ لئے

لاہور(خبر نگار) سوئی گیس لاہور ٹاسک فورس نے شہر کے مختلف علاقوں میں 70گھروں کو گیس دینے والے جعلی نیٹ ورک سمیت تین نیٹ ورکس اور فاؤنڈری میں گیس چوری پکڑ کر منقطع کردی۔ تفصیلات کے مطابق جی ایم لاہور قیصر مسعود اور چیف انجنیئر عمران الطاف ساہی کی ہدایات پر یو ایف جی ٹاسک فورس نے ڈپٹی چیف انجنیئر بلال اصغر کی زیر نگرانی خفیہ اطلاعات پر ڈسٹری بیوشن افسر چوہدری شرافت علی کی سربراہی میں جی پی او کینٹ لاہورکے علاقہ میں چھاپہ مارا تو عدم ادائیگی کی وجہ سے منطقع کئے گئے میٹر کے کنکشن سے گیس چوری کرکے 70گھروں کا نیٹ ورک چلایا جارہا تھا، فورس نے شالیمار ٹاؤن کے علاقہ میں چھاپہ مارا تو جعلی گھریلو میٹر کے ذریعے گیس چوری کرکے 7گھروں کا نیٹ ورک چلایا جارہا تھا، ٹاسک فورس نے ہیئر پنڈ بیدیاں روڈ پر چھاپہ مارا تو ایک جعلی بائی پاس لائن ڈال کر 10گھروں کا نیٹ ورک چلایا جارہا تھا، فورس نے موچی گیٹ کے علاقہ میں چھاپہ مارا تو ایک سروس لائن کے ذریعے گیس چوری کرکے فاؤنڈری کو فراہم کی جارہی تھی۔ فورس نے چاروں جگہوں سے بائی پاس اور نیٹ ورکس اکھاڑ کر گیس چوری کا خاتمہ کرکے متعلقہ تھانوں میں گیس چوروں کے خلاف مقدمات کے اندراج کیلئے درخواستیں جمع کرادی ہیں۔ تمام چاروں علاقوں میں گیس چوری کے ذریعے کمپنی کو سالانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا تھا۔فورس ممبران میں حاجی نسیم کوکب، عمر طارق، حاجی افتخار اور صابر شامل تھے۔

3نیٹ ورک پکڑ لئے

مزید : صفحہ آخر