مسلم لیگ ن اداروں کے درمیان ٹکراؤ پر یقین نہیں رکھتی ،جنرل(ر) عبدالقیوم

مسلم لیگ ن اداروں کے درمیان ٹکراؤ پر یقین نہیں رکھتی ،جنرل(ر) عبدالقیوم

چکوال(این این آئی) چیئرمین دفاعی پیداوار سینٹ کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ جنرل مشرف نے نواز شریف کی حکومت ختم کرنے کے بعد میاں شہباز شریف کو وزیراعظم بننے کی پیشکش کی تھی جو شہباز شریف نے مسترد کردی اور جیل جانا پسند کیا تھا۔ اب جو لوگ شریف خاندان میں اختلافات کی باتیں کررہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ شہباز شریف اپنے بڑے بھائی نواز شریف کو والد کی جگہ سمجھتے ہیں لہٰذا پارٹی میں تقسیم کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ وہ پارلیمنٹ کیفے ٹیریا میں چکوال پریس کلب کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے چیئرمین پریس کلب خواجہ بابر سلیم محمود اور صدر ارشد محمود عباسی کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا تھا۔ جنرل (ر) عبدالقیوم نے مزید بتایا کہ مسلم لیگ ن اداروں کے درمیان ٹکراؤ پر یقین نہیں رکھتی ،سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے قانونی مشیران سے اپنے خلاف الزامات کے بھرپور دفاع کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب کو بھی کسی جلد بازی کا مظاہرہ کر نے کی بجائے سپریم کورٹ میں نواز شریف کی نظرثانی درخواست کا فیصلہ آنے تک انتظار کرنا چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں جنرل عبدالقیوم نے کہا کہ فوج جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے اور اس وقت سی پیک کے علاوہ بجلی کی لو ڈشیڈنگ کے خاتمے کے بڑے منصوبے تکمیل کے قریب ہیں لہٰذا اپوزیشن جماعتوں کو واویلا کرنے کی بجائے آئینی اصلاحات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والے انتخابات شفاف ترین ہو سکیں۔

جنرل(ر) عبدالقیوم

مزید : صفحہ آخر