حکومت پنجاب نے پرائمری نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ واپس لے لیا
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) حکومت پنجاب نے پرائمری نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ واپس لے لیاہے، پرائمری کے ننھے طلبا وطالبات اسلامی ، پاکستانی اور پاک آرمی کی شخصیات سے دوبارہ روشناس ہو سکیں گے ۔ پرائمری نصاب میں اسلام ، پاکستان ، اور پاک آرمی سے متعلق نکالا جانے والا مواد واپس شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کچھ روزقبل پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے اول سے لیکر پنجم تک شائع ہونے والے نصاب سے اسلام، پاکستان اور پاک آرمی سے متعلق مواد نکال دینے کا انکشاف ہوا تھا جس میں اسلام سے رحمت عالمﷺ، حضرت علیؓ، حضرت خدیجہؓ، سیدعبدالقادر جیلانیؒ ، پاکستان سے متعلق قائد اعظم، مینار پاکستان، یوم آزادی اور پاک آرمی سے متعلق میجر عزیز بھٹی سمیت دیگر کے بارے میں مواد حذف ہوا تو میڈیا گروپس نے خبر نشر اور شائع کی جس پرصوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن، سیکرٹری سکولز ، ایم ڈی پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تمام مواد واپس شائع کیا جائے گا ۔ ہنگامی طور پر5دن کے اندر نکالے جانے والے مضامین کے، ایڈیشنل پیج شائع کرکے تمام سرکاری سکولوں کو پہنچائے جائیں گے۔ حکومت کے اس اقدام سے طلبا و طالبات اور اساتذہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے پریس کانفرنس کے آخر میں اعلان کیاکہ ہم نصاب میں تبدیلی والا فیصلہ واپس لیتے ہیں کیونکہ ہمیں اسلام، پاکستان اور پاک آرمی سے محبت ہے۔ انہوں نے سیکرٹری سکولز کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی بنا تے ہوئے انکوائری کا حکم بھی دیا اور ساتھ کہا کہ ہم نکالا جانے والا مواد شائع کرکے پانچ دن کے اندر تمام سرکاری سکولوں میں مہیا کریں گے۔
پنجم، نصاب