سی پیک خطے سے دہشتگردی و انتہا ء پسندی کے رجحانات کے خاتمے کا باعث بنے گا : شہباز شریف

سی پیک خطے سے دہشتگردی و انتہا ء پسندی کے رجحانات کے خاتمے کا باعث بنے گا : ...

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورپاکستان کی معاشی ترقی کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے ۔سی پیک کے تحت چین نے پاکستان بھر میں توانائی سمیت دیگر ترقیاتی منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اورطے شدہ اخراجات میں بچت پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا حیرت انگیز کارنامہ ہے اورسی پیک کے تحت شفافیت ،معیاراورتیزرفتاری سے منصوبے مکمل کیے گئے ہیں اورکئی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔سی پیک کے تاریخ ساز منصوبے پاک چین دوستی کی زندہ علامت ہیں۔حکومت کی مخلصانہ کاوشوں کے نتیجے میں سی پیک کے تحت بجلی کے کئی منصوبوں سے پیداوار کا آغاز ہوچکا ہے ۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارمختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے تین بڑے کارخانوں میں165ارب روپے کی بچت کی گئی ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے دوران ترقیاتی منصوبوں میں کی گئی بچت کی مثال ملک کی 70سالہ تاریخ میں نئی ملتی۔انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورملک کی ترقی اورعوام کی خوشحالی کا ضامن ہے اورسی پیک کے تحت ملک بھر میں منصوبوں پر بھر پور طریقے سے کام جاری ہے ۔پاکستان میں مسلم لیگ(ن)کے دورمیں ترقیاتی منصوبوں کی تیزرفتاری سے تکمیل دنیا بھر میں ایک مثال بن گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے عظیم الشان منصوبے سے پاکستان ہی نہیں بلکہ پورا خطہ فائدہ اٹھائے گااورسی پیک کے اہم منصوبے کی تکمیل سے پورے خطے میں ترقی اورخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔سی پیک کے عظیم الشان منصوبے نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے روزگار کے ان گنت نئے مواقع پیدا ہورہے ہیں۔سی پیک ایک اٹل حقیقت ہے اوریہ منصوبے ملک و قوم کی تقدیر بدل دیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ سی پیک خطے سے دہشت گردی و انتہا ء پسندی کے رجحانات کے خاتمے کا بھی باعث بنے گا۔غربت اوربے روزگاری جیسے مسائل میں کمی لانے کے حوالے سے بھی سی پیک موثر کردارادا کریگا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ سی پیک کا منصوبہ تاریخ کا دھارا موڑ دے گا۔قومی اہمیت کے اس ناگزیر منصوبے کو ہمیں ملکر کامیاب بنانا ہے ۔

مزید : صفحہ اول