بار اور بینچ تنازع کو ہوا دے کر ناعاقبت اندیش لوگ فائدہ اٹھا نا چاہتے ہیں : عمران خان
اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ فوری اور سستے انصاف کی فراہمی میں بار اور بینچ کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ وکلاء برادری نے آزاد عدلیہ کی بڑی قربانیاں دی ہیں اور وکلاء کی جدوجہد میں تحریک انصاف شانہ بشانہ شامل تھی، وکلاء برادری سے میری استدعا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد کو کچھ خفیہ عناصر کے رحم و کرم پر نہ چھوڑیں کیونکہ وکلاء اور معزز جج صاحبان کے درمیان تنازع کو ہوا دے کر کچھ ناعاقبت اندیش لوگ اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ کیلئے وکلاء برادری اور پاکستان کے عوام نے ایک خواب دیکھا تھا اور پھر اس خواب کی تعبیر پانے کیلئے وکلاء نے بے دریغ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ وکلاء کی اس جدوجہد میں تحریک انصاف ہر موڑ پر ساتھ کھڑی تھی۔ آزاد عدلیہ اور فوری انصاف کی فراہمی وکلاء اور تحریک انصاف کا بنیادی ایجنڈا ہے لیکن اس کے مقاصد اسی وقت حاصل ہوں گے جب تمام فریقین ایک دوسرے کیلئے صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں گے۔ عمران خان نے کہاکہ وکلاء ایک پڑھا لکھا اور انصاف کی فراہمی کیلئے جدوجہد کرنے والا طبقہ ہے۔ میں یہ ضرورت محسوس نہیں کرتا کہ وکلاء کو جج صاحبان کی عزت و احترام ہم بتائیں کیونکہ ججز کے احترام سے وکلاء زیادہ واقف ہیں۔ وکلاء عوام کو انصاف کی فراہمی کیلئے سخت محنت کرتے ہیں اور ججوں کو ان سے بھی زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے لہٰذا میری دونوں فریقوں سے اپیل ہے کہ اس تنازع کو مزید شدت دینے کی بجائے احسن طریقے سے ختم کردیا جائے کیونکہ ملک میں ایسا طبقہ بھی موجود ہے جس کی خواہش ہمیشہ سے یہی رہی ہے کہ معاشرے کے مختلف طبقات کو باہم دست و گریبان کرکے اپنے فوائد حاصل کئے جائیں۔ ملکی تاریخ میں پہلی بار اعلیٰ عدالتوں نے حکمرانوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہے اور منزل کو پالینے میں بھی وکلاء کا بڑا ہاتھ ہے۔ اس لئے وکلاء برادری ججوں کو متنازعہ نہ ہونے دے تاکہ کوئی دوسرااس کا فائدہ نہ اٹھا سکے۔
عمران خان