سینیٹ ، پارٹنر شپ اور انسداد منشیات ترمیمی بل منظور

سینیٹ ، پارٹنر شپ اور انسداد منشیات ترمیمی بل منظور

اسلام آباد (این این آئی)سینیٹ نے پارٹنر شپ (ترمیمی) بل 2016ء اور انسداد منشیات (ترمیمی )بل 2017کی منظوری دیدی ۔پیر کو سینیٹ نے پارٹنر شپ (ترمیمی) بل 2016ء کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔اجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی کہ پارٹنر شپ (ترمیمی) بل 2016ء قائمہ کمیٹی کی پیش کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے۔ بعد ازاں چیئرمین نے بل شق وار منظوری کے لئے پیش کیا جسے اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔ اجلاس کے دور ان سینیٹ میں احترام رمضان (ترمیمی) بل 2017ء موخر کردیا گیا۔ اجلاس میں ایجنڈے میں اس سلسلے میں چوہدری تنویر خان کا بل بھی شامل تھا تاہم چیئرمین نے بل پر غور موخر کردیا۔اجلاس کے دور ان سینیٹ نے انسداد منشیات (ترمیمی) بل 2017ء کی منظوری دے دی۔ اجلاس میں سینیٹر چوہدری تنویر خان نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔ بعد ازاں چیئرمین نے بل شق وار منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیا جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔اجلاس کے دور ان آئینی (ترمیمی) بل 2017ء سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کی منظوری بھی دی گئی اس سلسلے میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی نے تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔اجلاس کے دور ان دستور (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیااس سلسلے میں سینیٹر نوابزادہ سیف اللہ مگسی نے تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کرلیا بعد ازاں انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا جسے چیئرمین نے قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ اجلاس کے دور ان سگریٹ نوشی کی ممانعت و سگریٹ نوشی نہ کرنے والوں کی صحت کے تحفظ (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیاگیاسینیٹر چوہدری تنویر خان نے تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کیا۔ اجلاس کے دور ان پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا اس سلسلے میں سینیٹر میاں عتیق شیخ نے تحریک پیش کی جس کی ایوان نے منظوری دی۔ اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے فوجداری قوانین (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کیا سینیٹر کریم خواجہ نے تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیابعد ازاں انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا جسے چیئرمین نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔سینیٹ نے پاکستان بیت المال (ترمیمی) بل 2017ء پیش کرنے سے متعلق تحریک مسترد کردی اجلاس میں سینیٹر کریم احمد خواجہ نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی اور کہا کہ مستحق افراد کے لئے بیت المال فوڈ ہاؤسز بنائے اور ان کے لئے کھانے کا انتظام ہونا چاہیے۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے اس کی مخالفت کی اور کہا کہ حکومت کے پاس اگر وسائل ہوں گے تو وہ ایسا کر سکے گی۔ بعد ازاں چیئرمین نے تحریک پر رائے شماری کرائی جسے مسترد کردیا گیا۔اجلاس میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان بیت المال (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا سینیٹر کریم احمد خواجہ نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی اور کہا کہ بیت المال کو مستحق افراد کے لئے بحالی مراکز بنانے چاہئیں۔ قائد ایوان نے تحریک کی مخالفت نہ کی جسے ایوان نے منظور کرلیا۔ اجلاس میں چیئرمین سینیٹ نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کرلیا۔ بعد ازاں انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیا۔اجلاس میں سینیٹ نے دستور (ترمیمی) بل 2017ء سے متعلق تحریک مسترد کردی۔ سینیٹر کریم احمد خواجہ نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی۔ قائد ایوان راجہ ظفر الحق نے تحریک کی مخالفت کی جس کے بعد چیئرمین نے رائے شماری کرائی جس پر 19 ارکان نے تحریک کے خلاف ووٹ دیا۔اجلاس میں چیئرمین سینیٹ نے رئیل اسٹیٹ (ریگولیشن اینڈ ڈویلپمنٹ) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیااجلاس میں سینیٹر محسن عزیز نے تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کرلیا اور چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔اجلاس میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان تحقیقی کونسل برائے آبی وسائل (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا سینیٹر کریم احمد خواجہ نے تحریک ایوان میں پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا جسے چیئرمین نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے حوالے کردیا۔ اجلاس کے دور ان سینیٹر اعظم سواتی نے ایوان بالا میں چار بل واپس لے لئے۔اجلاس میں انہوں نے اس سلسلے میں پاکستان شہریت بل 2017ء‘ دستور (ترمیمی) بل 2017ء میں ترامیم کے حوالے سے اپنے بل واپس لینے کی تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔اجلاس میں سینیٹ میں کارپوریٹ تنظیم نو بل 2016ء کو زیر غور لانے سے متعلق معاملہ موخر کردیا گیا سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ سینیٹ سے یہ بل منظور ہوا تھا مگر قومی اسمبلی نے منظور نہیں کیا۔ اب اس پر حکومت بھی اپنا بل لانا چاہتی ہے اس لئے وہ اپنا بل واپس لے رہے ہیں جس پر چیئرمین نے یہ معاملہ موخر کردیا۔اجلاس میں سینیٹ نے ممانعت برائے جسمانی تشدد بل 2017ء مشترکہ اجلاس میں زیر غور لانے کی تحریک کی منظوری دی اس سلسلے میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے تحریک پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ نے یہ بل منظور کیا تھا لیکن قومی اسمبلی نے اسے مسترد کردیا اب اسے مشترکہ اجلاس میں زیر غور لایا گیا۔اجلاس میں چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے جادوگری کی ممانعت کا بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیااس سلسلے میں سینیٹر چوہدری تنویر خان نے تحریک پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سفلی عملیات کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جانا چاہیے۔ بعد ازاں انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا۔ جسے چیئرمین نے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا اور کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کا نکتہ نظر بھی معلوم کرکے رپورٹ کا حصہ بنائے۔ اجلاس میں اسلام آباد میں بچوں کے روزگار پر پابندی کا بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیاگیا سینیٹر سحر کامران نے اس سلسلے میں تحریک کی منظوری کے بعد بل پیش کیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔اجلاس کے دور ان دستور (ترمیمی) بل 2017ء کے آرٹیکل 288 میں ترمیم سے متعلق بل ایوان بالا کی متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دی گئی اجلاس میں سینیٹر سحر کامران نے تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔ اجلاس میں بچوں کی شادی کی ممانعت (ترمیمی) بل 2017ء قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیاگیا اجلاس میں سینیٹر سحر کامران نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کرلیابعد ازاں انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا گیاسینٹ میں اسلام آباد کلب انتظام و انصرام بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا اس سلسلے میں سینیٹر اعظم سواتی نے تحریک پیش کی اور کہا کہ اس بل کا مقصد اسلام آباد کلب کے انتظامات کو بہتر بنانا ہے جو 1978ء میں ایک آرڈیننس کے ذریعے قائم کیا گیا۔ بعد ازاں چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔ اجلاس کے دور ان چیئرمین سینٹ نے مخنث افراد (حقوق کا تحفظ) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیاسینیٹر روبینہ خالد ‘ روبینہ عرفان‘ ثمینہ سعید اور کلثوم پروین نے تحریک ایوان میں پیش کی جسے منظور کرلیا گیا۔ اجلاس کے دور ان چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے دستور (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیااس سلسلے میں تحریک پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اس بل کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے اور ارکان کو آئین میں ترمیم کے وقت اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرنے کا اختیار ہونا چاہیے۔ تحریک کی منظوری کے بعد چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینٹ نے عدالتی ناانصافی (تدارک) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیااجلاس میں سینیٹر اعظم سواتی نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی جسے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین سینٹ نے گن اینڈ کنٹری کلب اسلام آباد کے انتظام کا بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیااس سلسلے میں سینیٹر اعظم سواتی نے تحریک پیش کی جسے منظور کرلیا گیا جس کے بعد انہوں نے بل ایوان میں پیش کیا جسے چیئرمین نے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔اجلاس میں چیئرمین سینٹ نے اجرت کی ادائیگی (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیااس سلسلے میں سینیٹر جاوید عباسی نے ایوان میں تحریک پیش کی جس کی منظوری کے بعد چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔اجلاس کے دور ان چیئرمین سینٹ نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی (ترمیمی) بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیااس سلسلے میں سینیٹر جاوید عباسی نے تحریک پیش کی جس کی منظوری کے بعد چیئرمین نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے بھجوا دیا۔

سینیٹ

مزید : صفحہ اول