کراچی میں طوفانی بارش، مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق

کراچی میں طوفانی بارش، مختلف واقعات میں 5 افراد جاں بحق

کراچی (ما نیٹر نگ ڈیسک)کراچی میں شدید بارش کے دوران مختلف واقعات میں دو خواتین سمیت پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، گارڈن کے علاقے میں واقع چاندنی چوک پر بجلی کے تار پانی میں گرنے سے کرنٹ لگنے کے باعث دو افراد جاں بحق ہوگئے۔پانی میں کرنٹ کی وجہ سے ایمبولینسیں بھی جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو اٹھانے میں ناکام رہیں۔سپر ہائی وے پر مویشی منڈی میں لگے ٹینٹ طوفانی ہوا ؤ ں سے اکھڑ گئے، نشیبی علاقوں میں بڑی مقدار میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی اور یہ علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔کراچی کے میں آندھی کیساتھ طوفانی بارش سے کورنگی اور لانڈھی سمیت مضافاتی علاقوں میں گھروں کی چھتیں اْڑ گئیں، درخت گر گئے، شارع فیصل اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔ موسلا دھار بارش نے لانڈھی، کورنگی، ملیر ہالٹ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، مارٹن کوارٹرز، جہانگیر روڈ، جمشید روڈ،لسبیلہ، نشتر روڈ، گارڈن، رامسوامی، جوبلی، گرومندر، نمائش، ایم اے جناح روڈ، صدر، لیاری، کورنگی، آئی آئی چندریگر روڈ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارا دار، میٹھا در، ٹاور،گلشن حدید،ڈیفنس اور کلفٹن سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں جل تھل ایک کر دیا۔طوفانی بارش اور شدید آندھی کے باعث مضافاتی علاقوں میں مکانات کی چھتیں اْڑ گئیں، صدر اور بعض دیگر مقامات سے درخت گرنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر بارش کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہوگئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔شہر میں بارش کا پانی مختلف سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث جگہ جگہ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں ٹریفک بھی جام ہوگیا۔پی ایم ٹیز پھٹنے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

با رش

مزید : صفحہ اول