چودھری نثار نے اچھی باتیں کیں ، پارٹی میں اختلافات کی باتیں درست نہیں ، ڈسپلن ہونا چاہیے : سردار یعقوب

چودھری نثار نے اچھی باتیں کیں ، پارٹی میں اختلافات کی باتیں درست نہیں ، ...

اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائم مقام صدر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ مجلس عاملہ کے اجلاس میں چوہدری نثار علی خان نے اچھی باتیں کیں ٗپارٹی کے اندر ڈسپلن ہونا چاہئے ٗپارٹی کے اندر اختلافات کی باتیں درست نہیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، میرے پاس ان کا شکریہ ادا کرنے کیلئے الفاظ نہیں، اﷲ مجھے اس اعتماد پر پورا اتارے، میری کوشش ہو گی کہ پارٹی کو مزید بہتر بناؤں اور عہدیداروں کو فعال بناؤں۔ پارٹی کے استحکام اور ڈسپلن کے حوالہ سے کام کروں، کہیں کمی نظر آئی تو اس پر کام کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر اختلافات کی باتیں درست نہیں، پارٹی کی مجلس عاملہ کے اجلاس کے موقع پر چوہدری نثار نے اچھی باتیں کیں، پارٹی کے اندر ڈسپلن ہونا چاہئے، پارٹی متحد ہے اس حوالہ سے کوئی بات نظر نہیں آ رہی جبکہ پارٹی کے اندر دراڑیں بھی نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کسی بھی خبر کو جاری کرنے سے پہلے تحقیق کر لیا کرے، میڈیا کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔ سینیٹر سردار یعقوب خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے عدالت عظمیٰ کے فیصلہ پر عمل کیا، کارکن یہ کہہ رہے ہیں کہ میاں صاحب کے ساتھ اچھا نہیں ہوا، اگر احتساب کرنا ہے تو سب کا ہونا چاہئے، ایک فرد یا خاندان کا احتساب کرنا درست نہیں۔

سردار یعقوب ناصر

مزید : صفحہ اول