کچھ خفیہ طاقتیں متحدہ کے تمام دھڑوں کو متحد کررہی ہیں ،منظور وسان

کچھ خفیہ طاقتیں متحدہ کے تمام دھڑوں کو متحد کررہی ہیں ،منظور وسان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پیپلز پارٹی سندھ کے سینئر رہنماء اور صوبائی وزیر صنعت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا مستقبل روشن ہے جبکہ عمران خان کو آئندہ سیٹ اپ میں نہیں دیکھ رہا ہوں ۔متحدہ کے تمام دھڑے آپس میں ایک ہی ہیں اور جلد مہاجر قومی موومنٹ بھی ان کے ساتھ مل جائے گی،کچھ خفیہ طاقتیں متحدہ کے تمام دھڑوں کو الیکشن سے پہلے متحد کریں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے سابق وزیرداخلہ کے متعلق پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری نثار کا سیاسی مستقبل خسارے میں دیکھ رہا ہوں، چوہدری نثار کو مشورہ ہے کہ بار بار پریس کانفرنس نہ کریں، ترجمان کے ذریعے اپنے جذبات کااظہارکریں۔انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کی وزیر اعظم بننے یا شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔ انہوں نے نوازشریف کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب جمہوریت کے خاطر ٹکراؤ کی پالیسی ترک کردیں، اداروں سے ٹکراؤ کے باعث انتخابات تاخیر کا شکار ہوسکتے ہیں۔منظور وسان نے کہا کہ نواز شریف کی ہٹ دھرمی جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی پلاننگ ہو سکتی ہے، یوسف رضا گیلانی کو ہٹایا گیا تو پیپلزپارٹی نیا وزیراعظم لے آئی، نئے سیاسی سیٹ اپ میں کئی نئے چہرے سامنے آئیں گے۔ انہوں نے متحدہ دھڑوں کے متعلق کہا کہ میں چھ ماہ پہلے کہہ چکاہوں کہ متحدہ پاکستان، لندن اور پی ایس پی ایک ہی ہیں آج کی صورتحال میں میری پیش گوئی درست ثابت ہوئی کہ متحدہ کے تمام دھڑے آپس میں ایک ہی ہیں اور جلد مہاجر قومی موومنٹ بھی ان کے ساتھ مل جائے گی،کچھ خفیہ طاقتیں متحدہ کے تمام دھڑوں کو الیکشن سے پہلے متحد کریں گی۔ منظور وسان نے مزید کہا کہ متحدہ کے تمام دھڑوں اور عوامی پزیرائی نہ رکھنے والے سندھ کے بھگوڑوں کو متحد کرنے کا مقصد پیپلزپارٹی کے خلاف میدان میں اتارنا ہے، پر ان کو کامیابی نہیں ملے گی، آئندہ دو تین ماہ میں بہت کچھ ہوتے دیکھ رہا ہوں۔