پولیس کارروائی ،سیاسی جماعت کے2ٹارگٹ کلرز میں9ملزمان گرفتار

پولیس کارروائی ،سیاسی جماعت کے2ٹارگٹ کلرز میں9ملزمان گرفتار

کراچی(کرائم رپورٹر )سینٹرل پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت کے دو ٹارگٹ کلرز سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فونز ، اسلحہ ، موٹرسائیکل اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا ۔ یہ بات ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے پیر کو کراچی پولیس آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ سپر مارکیٹ تھانے کی پولیس پارٹی نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ملزم محمد عارف خان عرف کاشان ولد محمد سعید خان کو گرفتار کر لیا ۔ ملزم کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ، ایک پستول برآمد کر لی ۔ ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے ۔ ملزم اپنی ہی سیاسی جماعت کے ذمہ داران کے احکامات پر تنظیم کے لڑکوں سمیت 22 سے زائد قتل کی وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ ملزم نے ایک مذہبی جماعت کا شلٹر لیا ہوا تھا ۔ ملزم رقم کے عوض بھی متعدد افراد کو قتل کر چکا ہے ۔ ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ 2009 ء میں اورنگی ٹاؤن میں سیاسی جماعت کے کارکن محمد علی ، جاوید ، کیبل آپریٹر کلو ، زاہد ، عمران ، پیپلزپارٹی کے کارکن پرویز اور دیما کو قتل کیا جبکہ 2010 ء میں ایک ٹیکسی ڈرائیور کو اورنگی ٹاؤن میں نشانہ بنایا ۔ ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے بتایا کہ خواجہ اجمیر نگری پولیس پارٹی نے کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر نظام عرف بنگالی کو گرفتار کر لیا ۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے رقم کے عوض متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی ہے جبکہ خواجہ اجمیر نگری میں کارروائی کرتے ہوئے دو ڈکیت عبدالوحید ولد یار محمد ، راحیل ولد مبارک اور ایک موٹر سائیکل لفٹر سلمان ولد امیر خان کو گرفتار کر لیا ۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور 20 سے زائد چھینی گئی موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تھانہ گبول ٹاؤن اور عزیز آباد پولیس پارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے تین ڈکیت شاہد ولد شوکت ، فیاض ولد محمد نواز عرف رحیم ولد فخر لاسلام کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان کے قبضے سے ایس یم جی ، ٹی ٹی پستول اور سینکڑوں موبائل فون برآمد ہوئے ۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ موبائل فون چھین کر اپنے ایک دوست نوشاد کو فروخت کیا کرتے تھے ، جو موبائل فونز اسپیئر پارٹس کو فروخت کرتا تھا ۔ ملزمان کی نشاندہی پر ملزم کے دوست نوشاد ولد محمد بچل کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 14 موبائل فونز ، 48 ایل سی ڈی چھوٹی بڑی اور تین موٹرسائیکل برآمد کر لیں ۔

مزید : کراچی صفحہ اول