خیبرپختونخوا حکومت پر بے جا تنقید بلاجواز ہے :میاں جمشید الدین

خیبرپختونخوا حکومت پر بے جا تنقید بلاجواز ہے :میاں جمشید الدین

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن اور انسداد منشیات میاں جمشید الدین کا کا خیل نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے میرٹ کی بالا دستی قائم کر کے گزشتہ حکومتوں کے تمام کالے کرتوتوں کو بے نقاب کیا۔اب یہی جماعتیں عوامی اعتماد کے حصول کے لئے نئی صف بندیوں میں مصروف ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوموار کے روز نوشہرہ میں اخباری نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی موت مرنے والے خیبر پختونخوا حکومت پر بے جا تنقید کر کے عوام کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی بے سود کوشش کر رہے ہیں جس میں وہ کبھی بھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے کبھی بھی غافل نہیں رہی اور عوام کو درپیش ہر قسم کے خطرات اور مشکلات کے بروقت سد باب کیلئے اپنے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں تاہم اس ضمن میں مختلف بیانات سے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچاکر سیاسی مفادات کا حصول کسی طور بھی مناسب نہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول