ملک میں صاف صتھری سیاست متعارف کرائی جو تبدیلی کی علامت ہے :ڈاکٹر امجد علی
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے مخالف سیاسی قوتوں کی سازش بری طرح نا کام بنا دی ہے اور صوبے کی تعمیر و ترقی قائم رکھنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ملک میں صاف ستھری سیاست متعارف کروائی ہے جو تبدیلی کی علامت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو سی ٹل سوات میں شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے سرکردہ کار کنان نے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں کے ہمراہ اپنی جماعتوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا ۔ڈاکٹر امجد علی نے پی ٹی آئی میں نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست کا محور ملک سے کرپشن، کمیشن خوری، اقربا پروری اور ظلم و نا انصافی کا خاتمہ اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کے ساتھ زندگی کے ہر شعبہ میں سہولیات فراہم کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی روایتی نہیں بلکہ ایک سوچ اور نظرئیے کی پارٹی ہے جسکی وجہ سے پورے ملک کی بڑی اور مقبول ترین جماعت بن چکی ہے۔ اور قوم کو اس سے بڑی توقعات وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان مخصوص پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ پاکستان کی بقا اور سا لمیت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ان کی کرپشن کے خلاف جنگ بھی صرف ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہے۔ کیونکہ کرپشن نے وطن عزیز کی جڑیں کھوکھلی کر رکھی ہیں اور جب تک ملک سے کرپشن کی بیخ کنی نہیں کی جاتی آگے بڑھنے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ڈاکٹر امجد علی نے مزید کہا کہ اپنے دور میں علاقے کے مکینوں کو درپیش کئی مسائل کو حل کیا اور اب بھی ترقیاتی منصوبوں پر کام زور و شورسے جاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ آبنوشی کی پائپ لائن پر 8 کروڑروپے لاگت آئی ہے اسی طرح پرائمری و ہائیر سیکنڈری سکولوں کی تعمیر پر 8 کروڑ سے زائد رقم خرچ کی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور اب بھی کوشش ہے کہ عوام کو گلے شکوے کا موقع نہ ملے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیم و صحت کے ساتھ ساتھ دیگر اہم مسائل پر کافی حد تک قابوں پایا گیا ہے اور مزیدمسائل کے حل کے لئے بھی کوشاں ہیں ،اور کہا کہ عوام کو ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور اسی طرح تعلیم کے میدان میں صوبے کو ایک مثالی صوبہ بنایا جائے گا۔