پاکستان میں زیادہ تر لیبر قوانین پر عمل نہیں ہورہا،چوہدری یٰسین

پاکستان میں زیادہ تر لیبر قوانین پر عمل نہیں ہورہا،چوہدری یٰسین

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز اور بی ڈبلیو آئی کے زیر اہتمام ایک روزہ سیمینار بعنوان "اجتماعی سوداکاری "اسلام آبا دکے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا جس میں پاکستان ورکرز فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری محمد ظہور اعوان ، پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرزکے جنرل سیکرٹری محمد اسلم عادل ،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز کے چیئرمین راجہ وقار حسین ،ایجوکیشن سیکرٹری رفیق خان ،عوامی لیبر یونین کے عبدالرشید ،اکلاس یونین کے راجہ شبیر سمیت سی ڈی اے مزدور یونین کے عہدیداران نے شرکت کی ،سیمینار میں شرکاء کو ماسٹر ٹرینرڈاکٹر محمد اسحاق نے ٹریڈ یونین کی رجسٹریشن ،ریفرنڈم ،اجتماعی سوداکاری اور اسکے مراحل ،چارٹر آف ڈیمانڈ کی تیاری اور مذاکرات سمیت دیگر عنوانات پر سیرحاصل آگاہی دی ،سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز اور بی ڈبلیو آئی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ایسے آگاہی کے پروگرام منعقد کیے جن سے یقیناًمزدوروں میں شعور اور لیبر قوانین سے آگاہی حاصل ہوئی ہے ،پاکستان میں بے شمار لیبر قوانین موجود ہیں لیکن بدقسمتی سے ان پر عمل درآمد نہیں ہو رہا خاص طور پر تعمیرات کے شعبہ سے وابستہ مزدوروں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور وہ فاقہ کشی کر نے پر مجبور ہیں ان پر کسی قسم کے لیبر قوانین کا اطلاق نہیں ہوتا ،انھوں نے کہا کہ تعمیرات اور ووڈ ورکس سے وابستہ آزاد کشمیر کی ہماری برادر یونین اکلاس یونین کو کافی مشکلات کا سامنا ہے اور کافی عرصہ سے ملازمین تنخواہوں سے محروم ہیں جسکی وجہ سے ملازمین اور انکے بچے فاقہ کشی پر مجبور ہیں ،اس موقع پر انھوں نے وزیر اعظم آزاد کشمیر اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ہنگامی بنیادوں پر اکلاس یونین کے مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں تاکہ ان ملازمین کو تنخواہوں سمیت دیگر مراعات مل سکیں اور وہ بھی عید کی خوشیوں میں شریک ہو سکیں ،سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز کے جنرل سیکرٹری محمد اسلم عادل نے کہا کہ پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز اور بی ڈبلیو آئی کا مقصد مزدوروں کو لیبر قوانین سے متعلق آگاہی دینا ہے یقیناًایسے سیمینار ز سے شرکاء سیکھ کر اپنے ادارے کی یونین میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے ،تعمیراتی مزدورجن کی بڑی تعداد غیر منظم ہے انکومنظم کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں فوری طور پر قانون سازی کی جائے تاکہ ان پر بھی لیبر قوانین کا اطلاق ہو سکے ،انھوں نے کہا کہ مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے تمام لیبر لیڈرز کو متحد ہونا پڑے گا اور مزدور تحریک کو فعال بنانا ہو گا تاکہ مزدوروں کی آواز کو ایوانوں تک پہنچایا جا سکے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر