امریکی انتظامیہ کی نئی پالیسی نئی عالمگیر جنگ کی بنیاد بن رہی ہے،چوہدری عزیز

امریکی انتظامیہ کی نئی پالیسی نئی عالمگیر جنگ کی بنیاد بن رہی ہے،چوہدری عزیز

مظفرآباد(بیورورپورٹ) وزیر مواصلات وورکس چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ حزب المجاہدین کو دہشتگرد گروپوں میں شامل کرکے امریکہ نے دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خوش کرنے کی کوشش کی ہے ۔ امریکی انتظامیہ کی نئی پالیسی نئی عالمگیر جنگ کی بنیاد بن رہی ہے ۔ ٹرمپ انتظامیہ بھارت کو خوش کرنے کیلئے اقوام متحدہ کے چارٹر کی نفی کررہی ہے ۔ سید صلاح الدین تحریک آزادی کشمیر کے ہیرو اور حزب المجاہدین جہاد کشمیر کیلئے اساس کا بنیادی درجہ رکھتی ہے ۔ بین الاقوامی سطح پر رونما ہونیوالی تبدیلیاں امریکی انتظامیہ کی سوچ اور حالات ، ایک نئی جنگ کا باعث بن سکتے ہیں ۔ دنیا کو یہ بات سمجھنے کی کوشش کرنی چاہیے کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن قائم نہیں ہوسکتا۔ یہاں صحافیوں کیساتھ بات چیت کے دوران چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کا موجودہ فیز قربانیوں کی اس تاریخ کا تسلسل ہے جس کی بنیاد 1947ء میں رکھی گئی تھی ۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے گولی اور گالی کے بجائے کشمیریوں کو گلے لگانے کی پیشکش اعتراف شکست کے مترادف ہے ۔ 70سال تک طاقت کے بے دریغ استعمال کے بعد کشمیریوں کو ہندوستان اپنے ساتھ ملانے میں ناکام رہا ہے اور اب بھارتی وزیراعظم کی جانب سے ریاستی عوام کو گلے لگانے کی دعوت دراصل چانکیہ ازم کی عکاس ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حزب المجاہدین پر پابندی اور دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا امریکی الزام سی پیک منصوبہ پر امریکی انتظامیہ کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے ۔ بھارتی حکمران پاکستان اور چائنہ مخالفت میں اندھے پن کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ دنیا یہ بات اچھی طرح جانتی ہے کہ ایٹمی طاقت کا حامل پاکستان اب کسی کیلئے تر نوالہ نہیں ہے ۔ خطہ کے اندر طاقت کا توازن قائم رکھنے کیلئے امریکی انتظامیہ کو اپنی سوچ وفکر میں مثبت تبدیلی لانے کی ضرورت ہے ۔ امریکی صدر کی نئی حکمت عملی نئی عالمگیر جنگ کا موجب ثابت ہوسکتی ہے ۔ چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی حالات ایک منظم سازش کے تحت خراب کئے جارہے ہیں ۔ ملک دشمن اندرونی و بیرونی عناصر پاکستان مخالف عناصر کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں ۔ سیاسی عدم استحکام اور افرا تفری پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے کے مترادف ہے مگر مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سیاسی فہم اور حکمت عملی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمہوری عمل کا تسلسل قائم رکھا ہے ۔ مسلم لیگ ن پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی قوت ہے ۔ میاں محمد نواز شریف کی اسلام آباد سے لاہور تک آمد کے دوران جی ٹی روڈ پر عوام نے جس محبت اور عقیدت کا مظاہرہ کیا وہ تاریخ کا باب بن چکا ہے ۔ چوہدری محمد عزیز نے واضح کیا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی زیر قیادت آزاد کشمیر حکومت نہ صرف انتخابی وعدے پورے کررہی ہے بلکہ خطہ کے اندر تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ خوش فہمی کا شکار کچھ لوگ آزاد کشمیر میں تبدیلی کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ دن کی روشنی میں خواب دیکھنے والوں کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے ۔ خیالوں کی دنیا میں رہنے والے خوش فہم ،سیاسی کردار اگر اپنی اصلاح کرلیں تو خطہ کے اندر عوام کی بہتری اور فلاح و بہبود کی منزل باآسانی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ راجہ فاروق حیدر خان کو مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی اور خطہ کے عوام کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر