نیو مری ،8 مسلح ڈاکوؤں کی یلغار،لاکھوں روپے کی جیولری لے اُڑے

نیو مری ،8 مسلح ڈاکوؤں کی یلغار،لاکھوں روپے کی جیولری لے اُڑے

نیو مری (خبر نگار)چراغ تلے اندھیرا نیو مری پولیس چوکی سے چند گز پر ٹھیکری پر موجود چوکیدار کو زار بند سے باندھ کر یرغمال بناکر آٹھ مسلح نا معلوم ڈاکوؤں کی نیو مری مارکیٹ کی دکانوں پر تالے توڑ یلغار ۔ مقامی تاجروں کی لاکھوں روپے کی جیولری ، نقدی ، برتن و دیگر قیمتی اشیاء کا صفایا کرکے فرار ۔پولیس کی جانب سے تا حال مقدمہ درج نہ کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق رات تقریباً 02:00بجے کے قریب گاڑی شاہ زور پر آئے آٹھ مسلح نامعلوم ڈاکوؤں نے نیو مری مارکیٹ پر دھاوا بول دیا ۔ ٹھیکری پر موجود چوکیدار کو اسلحہ کے زور پر مقامی تاجر ڈاکٹر ممتاز کی دکان میں یرغمال بنا لیا ۔ مقامی تاجر نے راہ گزرتے مارکیٹ کی کھلی دکانوں کی لائٹس جلتی دیکھ کر شور مچایا تو مسلح ڈاکو اسلحہ لہراتے موقع سے فرار ہو گئے ۔ مقامی پولیس کے ہیلپ لائن نمبر پر کال کرنے کے باوجود کوئی قانون نافذ کرنے والی ایمرجنسی سروس کی گاڑی نہ آنے پر مقامی آبادی کے مکینوں نے متعلقہ پولیس چوکی جاکر خواب آغوش میں مصروف عملے کو واردات کے بارے میں آگاہ کیا جس پر چار گھنٹے کی تاخیر کے بعد عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا جن کو دیکھ کر متاثرین شدید غم و غصہ میں آپے سے باہر ہو گئے اور پولیس کے خلاف سخت نعرہ بازی کرتے ہوئے سراپا احتجاج نظر آئے ۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ اس سے پہلے بھی علاقہ میں ان گنت وارداتیں ہو چکی ہیں جن کی رپورٹ متعلقہ پولیس چوکی کو کی جاتی رہی ہے مگر کوئی شنوائی نہ ہوئی ہے اور نہ ہی کوئی FIRدرج رجسٹر کی گئی ہے ۔ متاثرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور DIG راولپنڈی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے بچوں اور ہمیں قیمتی پارہ جات سے محروم کرنے والے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے ہمیں ہمارا لوٹا گیا مال مسروقہ واپس دلوایا جائے اور علاقہ میں مؤثر گشت کو یقینی بنایا جائے ۔ اگر ہمارے مطالبات پر عمل نہ ہوا اور ملزمان گرفتار نہ کیے گئے تو ہم مظفرآباد ایکسپریس ہائی وے بلاک کرکے شدید قسم کا احتجاج ریکارڈکروائیں گے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر