اے پی ایم ایل میں کوئی اختلاف یا گروپ بندی نہیں ،احمد حسین

اے پی ایم ایل میں کوئی اختلاف یا گروپ بندی نہیں ،احمد حسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آل پاکستان مسلم لیگ کراچی ڈویژن کے صدر احمد حسین نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل میں کوئی اختلاف یا گروپ بندی نہیں ہے ۔ پارٹی کے تمام عہدیدار اور کارکن پرویز مشرف کی قیادت پر اتفاق کرتے ہیں اور پارٹی کے تمام ارکان اے پی ایم ایل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد پر اظہار اعتماد کر چکے ہیں ۔ پارٹی قیادت نے احمد رضا قصوری کی اے پی ایم ایل سے بنیادی رکنیت ختم کر دی ہے ۔ اب ان کا پارٹی سے کوئی تعلق یا واسطہ نہیں ہے ۔ پارٹی قیادت کی ہدایت پر کراچی میں اے پی ایم ایل کی بھرپور سیاسی سرگرمیاں شروع کر دی گئی ہیں ۔ یکم اکتوبر کو اے پی ایم ایل کے یوم تاسیس کے موقع پر کراچی کے ضلع وسطی کے جناح گراؤنڈ عزیز آباد یا انو بھائی پارک ناظم آباد میں عوامی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا ، جس سے اے پی ایم ایل کے سربراہ پرویز مشرف ویڈیو لنک پر دبئی خطاب کریں گے ۔ اے پی ایم ایل ٹکراؤ یا انتشار کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ۔ ہم تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر کراچی کی ترقی کے لیے کام کریں گے ۔ تمام جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنان کے لیے اے پی ایم ایل کے دروازے کھلے ہیں ، جو شمولیت اختیار کرے گا ، ہم اسے خوش آمدید کہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اے پی ایم ایل کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر محمد شہزاد ، جنرل سیکرٹری اسلم مینائی اور دیگر موجود تھے ۔ پریس کانفرنس میں تحریک انصاف کے اہم رہنما اسلم انصاری اور مسیحی برادری کے رہنما ایڈون گل آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ احمد حسین نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ، پیپلز پارٹی کی حکومتوں کی کارکردگی سے عوام مطمئن نہیں ۔ موجودہ حکومت بھی عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہو گئی ۔ پاناما لیکس کے فیصلے کے بعد احتساب کا عمل شروع ہو گیا ہے اور جلد نواز شریف اور ان کا خاندان قانون کے شکنجے میں ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف پر تنقید کرنے والے یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے کیا کیا ۔ آج ملک کی معیشت قرضے میں جکڑی ہوئی ہے ۔ عالمی مالیاتی اداروں سے قرضہ لے کر ملک کو چلایا جا رہا ہے ۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کو عوام یاد کر رہے ہیں ۔ آج ملک میں تیسری سیاسی قوت کی ضرورت ہے اور یہ تیسری سیاسی قوت پرویز مشرف کی قیادت میں بنے گی ۔ آئندہ انتخابات میں اے پی ایم ایل اور اس کے اتحادی بھرپور اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ احمد حسین نے کہا کہ اے پی ایم ایل میں کوئی اختلاف نہیں ۔ پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے احمد رضا قصوری کی اے پی ایم ایل میں بنیادی رکنیت ختم کر دی ہے ۔ اب ان کا اے پی ایم ایل سے کوئی تعلق نہیں ۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد ہیں ۔ ہم پرویز مشرف اور ڈاکٹر امجد کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملیر میں اے پی ایم ایل کے کامیاب جلسے کے بعد کراچی میں ہماری جماعت مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی سیاسی سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں شروع کر چکی ہے ۔ کچھ سیاسی قوتوں کو ہمارے فعال سے پریشانی ہے لیکن ہماری پالیسی ہے کہ ہم کسی جماعت سے تصادم نہیں چاہتے ہیں ۔ ہم پرامن انداز میں عوامی رابطہ مہم چلائیں گے اور یکم اکتوبر کو پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا ۔ اس کے بعد شہر کے دیگر اضلاع میں جلسے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایل کے دفاتر کراچی کے علاقوں میں مرحلہ وار کھولے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اے پی ایم ایل اس شہر کی ترقی کے لیے سب کے ساتھ مل کر کام کرے گی ۔ انہوں نے پارٹی میں شامل ہونے والے رہنماؤں کو خوش آمدید کہا ۔ اس موقع پر پارٹی میں شامل ہونے والے دونوں رہنماؤں نے پرویز مشرف کی قیادت پر اعتما دکا اظہار کیا ۔ احمد حسین نے کہا کہ کراچی میں جلد رکنیت سازی مہم بھی شروع کی جائے گی ۔