اسلامی ممالک کے خلاف امریکی پالیسیوں کی وجہ سے آج پوری دنیا جہنم بن چکی ،ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی قربانیوں کو فراموش کیا ،حکومت سخت احتجاج کرے :علامہ طاہر اشرفی

اسلامی ممالک کے خلاف امریکی پالیسیوں کی وجہ سے آج پوری دنیا جہنم بن چکی ...
اسلامی ممالک کے خلاف امریکی پالیسیوں کی وجہ سے آج پوری دنیا جہنم بن چکی ،ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستانی قربانیوں کو فراموش کیا ،حکومت سخت احتجاج کرے :علامہ طاہر اشرفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ حافظ  طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ امریکی صدر کی طرف سے پاکستان پر الزا م تراشی اور دھمکیاں ناقابل قبول ہیں ، حکومت امریکی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کرے اور مؤثر احتجاج ریکارڈ کرائے ، امریکی صدر کی دھمکیوں پر پوری قوم کو متحدہو نا ہو گا ، اسلامی ممالک کے خلاف امریکی پالیسیوں کی وجہ سے آج پوری دنیا جہنم بن چکی ، داعش جیسی انتہاء پسند تنظیموں کی سرپرستی کرنے والا امریکہ پاکستان پر الزام تراشی سے گریز کرے ، پاکستان نے انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے خلاف 80 ہزار  پاکستانیوں کی قربانی دی ہے ، افغانستان میں امریکی حملے کی حمایت کے جرم میں آج تک پاکستانی نشانہ بن رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ  اجلاس میں امریکی صدر کے پاکستان پر الزامات کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ امریکی صدر نے پاکستان کی قربانیوں کو فراموش کیا ہے ، حکومت پاکستان کو برابری کی سطح پر امریکی حکومت سے بات چیت کرنی چاہئے،امریکی کی جارحانہ پالیسیوں کو مسترد کیا جائے ، پوری قوم امریکی جارحانہ عزائم کے خلاف حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہو گی ، حکومت کو امریکی بلیک میلنگ میں کسی صورت نہیں آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علماء اور مشائخ اور پاکستانی قوم امریکہ کی طرف سے ہندوستان کو افغانستان میں کردار ادا کرنے کی دعوت کو پاکستان کی سلامتی اور استحکام کے خلاف سازش سمجھتی ہے ، ہندوستان کی افغانستان میں امریکہ کے ساتھ شراکت کو مسترد کرتی ہے ،حکومت پاکستان امریکی صدر کے بیان کے بعد امریکہ اور افغان حکومت سے تعاون کے معاملہ پر نظر ثانی کرے اور جب تک امریکی حکومت اور امریکی صدر اپنے الزامات واپس نہیں لیتے امریکہ کے ساتھ افغانستان کے معاملہ پر ہر قسم کا تعاون ترک کیا جائے ۔علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے اور پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنے والے افغانستان میں امریکی ناک کے نیچے بیٹھے ہیں ، پاکستان میں ہونے والے خود کش حملوں اور بم دھماکوں میں ہندوستانی را ، اور افغانستان کے خفیہ ادارے ملوث ہیں جو امریکہ کے زیر اثر علاقوں میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف تخریب کاری کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جمعتہ المبارک 25 اگست کو ملک بھر میں امریکی صدر کے الزامات پر ’’یوم مذمت ‘‘ منایا جائے۔ اجلاس میں پاکستان شریعت کونسل کے مولانا محمد اسلم قادری ، جمعیت علماء اسلام کے مولانا عاصم مخدوم ، انٹر نیشنل متحدہ علماء کونسل کے علامہ طاہر الحسن ، متحدہ علماء اسلام کے مولانا مفتی محمد ضیاء مدنی ، جمعیت علماء اہلحدیث کے مولانا غلام اللہ خان ، جمعیت علماء پاکستان کے مولانا ایوب قادری ، پاکستان علماء کونسل کے مولانا محمد ایوب صفدر ، مولانا زبیر زاہد ، مولانا عبد القیوم ، مولانا اشفاق پتافی اور دیگر علماء نے شرکت کی ۔ 

مزید :

قومی -