دہشت گردی اور تخریب کاری کی جتنی بھاری قیمت پاکستان نے ادا کی ہے اور کسی ملک نے نہیں کی: احسن اقبال
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور تخریب کاری کی جتنی بھاری قیمت پاکستان نے ادا کی ہے اور کسی ملک نے نہیں کی، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم کسی ملک کی وجہ سے نہیں ہے بلکہ اپنی خاطر اور آئندہ آنے والی نسلوں کے لئے ہے۔ امن اور ترقی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کا مقصد پاکستان کو معاشی طور پر ایشین ٹائیگر بنانا ہے۔
پاکستان کو امریکی امداد کی ضرورت نہیں، ہم نے پیسے لے کرنہیں، خون دے کرجنگ لڑی ہے: خواجہ آصف
وزارت داخلہ میں پریس کانفر نس سے خطاب کر تے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چند سیاسی عناصر نے اپنے مذموم سیاسی مقاصد کے لئے جب دیکھا کہ وہ مسلم لیگ ن کو جمہوری طریقے شکست نہیں دے سکتے تو قومی اداروں سے لڑانے کی سازش کی۔آج سوشل میڈیا کی وجہ سے ملک دشمن عناصر اپنے خیالات پھیلانے کے لئے مدارس کے بچوں کی بجائے کالجوں یونیورسٹیوں کے بچوں کے ذہن تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔اس سے نمٹنے کی موثر حکمت عملی تیار کی جارہی ہے،مذہبی راہنماوں کے علاوہ نوجوانوں کو انتہا پسندی سے بچانے کے لئے ایچ ای سی سے مل کر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔
پاک فوج کی قربانیوں کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی : خواجہ آصف
امریکی صدر ٹرمپ کی نئی افغان و جنوبی ایشیا پالیسی میں پاکستان کے حوالے سے الزامات بارے میں سوال پر وزیرداخلہ نے کہا کہ اس بارے میں موقف تو وزارت خارجہ جاری کرے گی لیکن میں سمجھتا ہوں کہ دہشت گردی اور تخریب کاری کی جتنی بھاری قیمت پاکستان نے ادا کی ہے اور کسی ملک نے نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ خارجہ محاذ پر پاکستان دشمن لابیز ہمارے اقتصادی کامیابیوں کو نقصان پہنچانے کے لئے یہ کر رہی ہیں، ہمیں اندرونی انتشار کی بجائے اندرونی طور پر استحکام کی ضرورت ہے۔ ہمیں چھوٹی چھوٹی لڑائیوں کی بجائے بڑی جنگ جیتنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا اور داخلی انتشار سے بچنا ہوگا۔