پی ٹی آئی سیاسی انتقام نہیں ، بلا امتیاز احتساب کو فروغ دے گی، جمشید چیمہ

پی ٹی آئی سیاسی انتقام نہیں ، بلا امتیاز احتساب کو فروغ دے گی، جمشید چیمہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ لیگیوں کا یہ موقف بالکل درست ہے کہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان احمد بزدار کانام نہاد خادم اعلیٰ شہباز شریف سے کرپشن ، لوٹ مار اور شعبدہ بازی کرنے میں کسی طور پر کوئی مقابلہ نہیں ہوگا،کئی دہائیوں سے نظر انداز ہونے والے جنوبی پنجاب سے رکن اسمبلی کا وزیر اعلیٰ منتخب ہونا سٹیٹس کو کی حامی قوتوں کو ہضم نہیں ہو رہا ، پی ٹی آئی سیاسی انتقام نہیں بلکہ بلا امتیاز احتساب کو فروغ دے گی اور اسی سے ہمارا ملک ترقی کی جانب گامزن ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی کارکنوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر عمران خان کے وزیر اعظم بننے کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حقیقی جمہوریت میں اشرافیہ نہیں بلکہ پسے ہوئے طبقات کو سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں لیکن یہاں الٹا گنگا بہتی رہی ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ اور ان کے حواری امیر سے امتر تر جبکہ غریب دو سے ایک وقت کی روٹی پر آ گیا ہے ۔


انہوں نے کہا کہ آج تک ایسا کونسا وزیر اعظم آیا ہے جس نے ایوان وزیر اعظم کی حقیقت بارے عوام کو اس طرح آگاہ کیا ہو۔ عمران خان پاکستان اور پسے ہوئے طبقات کا درد رکھتے ہیں اور انشااللہ قوم کی دعاؤں سے انہیں کامیابیاں ہی ملیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے قوم سے پہلے خطاب اور کابینہ کے پہلے اجلاس کی صدارت کے بعد ہی (ن) لیگ کو اپنا مستقبل تاریک نظر آنا شروع ہو گیا ہے اس لئے بے بنیاد پراپیگنڈا شروع کر رکھا ہے لیکن عوام ان کے کسی بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔