ملک بھر میں عید الاضحٰی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جارہی ہے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ملک بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے ، فرزندان اسلام عید کی نماز ادا کرنے کے بعد مسلمان سنتِ ابراہیمی کو پورا کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں قربانی بھی کر رہے ہیں,عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر شہر نماز عید کے چھوٹے بڑے سینکڑوں اجتماعات منعقد کیے گئے اور نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ،اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارالحکومت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نمازِ عید کی ادائیگی کے لیے ہزاروں روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جس میں لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی ،نماز عید کے اجتماعات میں ملک میں امن اور سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک کی طرح پاکستان میں بھی عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے، اس موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، مساجد اور امام بارگاہوں کے باہر پولیس نفری تعینات رہی جبکہ گلی محلوں میں قربانی کے لاکھوں جانور عید کے پہلے روز اللہ کی راہ میں قربان کئے گئے ،مختلف شہروں میں ہونے والی بارش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا تاہم اس کے باوجود لوگوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے اللہ کی راہ میں جانور قربان کئے ۔حکومت کی جانب سے عید قربان کے موقع پر امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کیلئے سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں ریسکیو122 و عملہ صفائی کے اہلکار بھی ڈیوٹیوں پر حاضرہیں، اسی طرح تمام سرکاری ہسپتالوں کا ایمرجنسی سٹاف بھی معمول کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے، شہروں میں آلائشیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگادیے گئے ہیں۔
نومنتخب وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد میں وزیر اعظم ہاؤس کے ملٹری سیکرٹری ہاؤس میں نماز عید ادا کی اور لوگوں سے عید ملتے ہوئے بڑی عید کی مبارکباد دی جبکہ صدر مملکت ممنون حسین نے اپنے آبائی شہر کراچی میں عید منائی۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس میاں ثاقب نثار ،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے لاہور میں نمازادا کی ، سابق صدر آصف زرداری اپنے بچوں کے ساتھ نواب شاہ جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاڑکانہ میں عید منار ہے ہیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں نماز عید ادا کی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار لاہور میں موجود ہیں،مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سپکیر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات میں نماز عید ادا کی ۔شہر قائد میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع پولوگراونڈ میں منعقد ہوا جبکہ اس کے علاوہ ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات بھی منعقد ہوئے جہاں لاکھوں مسلمانوں نے نماز عید ادا کی۔واضح رہے کہ عیدالاضحیٰ کے سلسلہ میں وفاقی و صوبائی حکومتوں نے 21 اگست بروز منگل سے 23 اگست بروز جمعرات تک عام تعطیلات کا اعلان کیا ہے جس کے باعث تمام سرکاری ،نیم سرکاری نجی ادارے سکولز،کالجز،یونیورسٹیز ،سٹاک ایکچینجز،بینک،عدالتیں ،چیمبرز آف کامرس بھی بند رہیں گے، نیز عملہ صفائی کو خصوصی ٹرانسپورٹ بھی فراہم کردی گئی ہے تاکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بروقت اٹھا کر تلفی کے مقامات تک پہنچائی جاسکیں۔