ایشیاء کپ کرکٹ ٹورنامنٹ ، پاکستان اور بھارت میں19ستمبر کو میدان لگے گا
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا ء کرکٹ کپ 15سے 28ستمبر تک دبئی اور ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا جس میں چھ ٹیمیں شرکت کریں گی ،روایتی حریف پاکستان اور بھارت 19ستمبر کو مد مقابل ہوں گے ۔ ایونٹ میں چھ ٹیموں کو دو گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور کوالیفائر ٹیم جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی درمیان دو میچز یقینی ہیں جبکہ دونوں ٹیموں کی فائنل میچ میں تیسرے معرکے کا بھی امکان ہے۔ایشیا ء کپ کا افتتاحی میچ 15ستمبر کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 16ستمبر کا پاکستان اپنا پہلا میچ کوالیفائر ٹیم کے ساتھ کھیلے گی۔ 17ستمبر کو سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہونگی جبکہ 18ستمبر کو بھارت اورکوالیفائر ٹیم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 19ستمبر کو ہوگا۔ بیس دسمبر کو آخری گروپ میچ بنگلہ دیش اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔شیڈول کے مطابق ٹاپ فور ٹیموں کے درمیان میچز کا آغاز 21ستمبر سے ہوگاجس میں گروپ اے کی ٹاپ ٹیم گروپ بی کی رنرزاپ ٹیم سے ٹکرائے گی جبکہ اسی روز گروپ اے کی رنزاپ ٹیم کا مقابلہ گروپ بی کی ٹاپ ٹیم سے ہوگا۔23ستمبر کو گروپ اے کی دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔ اسی روز 23ستمبر کو گروپ بی کی دونوں ٹیموں آپس میں مقابلہ کریں گی۔
25ستمبر کو دونوں گروپ کی ٹاپ ٹیمیں ایک دوسرے کے مد مقابل ہونگی جبکہ 26ستمبر کو دونوں گروپ کی رنرزاپ ٹیموں کا مقابلہ ہوگا۔ایشیا کپ کرکٹ کے فائنل کا معرکہ 28ستمبر کا کھیلا جائے گا۔